سندھ اسمبلی کی مدت پورا ہونا یوم نجات کیوں قرار پا رہا ہے؟


اس تحریر کے ساتھ منسلک تصویر سندھ اسمبلی کے ارکان کی بحیثیت ممبر اسمبلی اختتامی تصویر ہے جس میں سندھ اسمبلی کے ارکان اپنی مدت پوری ہونے کے بعد گروپ فوٹو نکلواتے نظر آ رہے ہیں۔ لیکن حیران کن بات اس تصویر کا وہ عنوان ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا  ہے۔ یہ تصویر خاص کر سندھ میں لاکھوں کی تعداد میں شیئر ہوئی ہے اور اس تصویر کے اوپر ٹائیٹل میں یا !نیچے کیپشن میں صرف دو الفاظ دیئے جا رہے ہیں۔ یومِ نجات

پانچ سال یہ لوگ اس اسمبلی کے ممبر رہے ، مجموعی طور پر دس سال پیپلز پارٹی کی حکومت نے سندھ پر حکومت کی ہے اور ان لوگوں کی  مجموعی کمائی یہ دو لفظ ہیں  کہ ان کی مدت پوری ہونے پر لوگ ان کی تصویر کے نیچے لکھ رہے ہیں ۔ یومِ نجات !۔

لوگوں کا یہ بھی خیال ہے کہ یہ لوگ دوبارہ اس اسمبلی میں جلد ہی واپس آئیں گے۔ یہ بات درست بھی ہے کیونکہ ہمارے ملک میں الیکشن جس طرح ہوتے ہیں ان میں کسی عام آدمی کے منتخب ہونے کا امکان بالکل نہیں ہے ۔ گذشتہ الیکشن کو ہی لے لیں تو انتخابات میں ووٹ  پڑنے کا تناسب چالیس فیصد تھا۔ یعٰنی ساٹھ فیصد نے ووٹ ہی نہیں ڈالے تھے ۔ چالیس فیصد میں سے بھی بیس فیصد ووٹ ہارنے والے لیتے ہیں۔ باقی بیس فیصد ووٹ، جو پیسے، پولیس، وڈیرے، نگراں حکمومت کی دھونس  اور نظر نہ آنے والی قوتوں کے آشیرواد سے حاصل کیئے جاتے ہیں ان کی مدد سے ان حکمرانوں نے جو لوٹ مار مچائی ہے اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں مل رہی۔ سندھ میں پیپلز پارٹی بھلے سرکاری پیسے کے اشتہار چلا کر یہ دکھانے کی کوشش کرے کہ ان کی حکومت نے سندھ کو جنت بنا دیا ہے مگر زمینی حقیقت اس کے بلکل برعکس ہے۔ پیپلز پارٹی کی گذشتہ دس سال کی حکومت سندھ کی تاریخ کی کرپٹ ترین حکومت رہی ہے۔ اتنی لوٹ مار مچائی گئی ہے کہ خدا کی پناہ  اور یہ بھی حقیقت ہے کہ ملک کے انٹی کرپشن ادارے کرپشن کے خلاف دکھاوے کی کارروائیاں کرتے ہیں ۔ حقیقی احتساب بالکل بھی نہیں ہو رہا۔اس بات کا اندازہ نیچے دی گئی تصویر  سے بھی لگایا جا سکتا ہے جو سوشل میڈیا پر اچھا مارکیٹ کر رہی ہے۔

اس تصویر میں سندھ  پیپلز پارٹی کے سابق وزیر شرجیل میمن کو سندھ اسمبلی کے اسپیکر اسمبلی کے اختتام پر سچا ،ایماندار اور بہترین پارلیمینٹیرین ہونے کا سرٹیفیکیٹ دے رہے ہیں۔  واضح رہے کہ شرجیل میمن اربوں روپے کرپشن کے کیسز میں ملوث ہیں۔ بہرحال ہمارا ملک کرپشن کی ایک ایسی آماجگاہ بن چکا ہے کہ کرپشن کرنے والے، کرپشن کو پکڑنے والے سب ایک ہیں۔

ایسے میں عوام اپنا غصہ نکالنے کے لیئے سوشل میڈیا کا استعمال کر رہے ہیں اورمیرے ایک دوست سندھ کے ایک بڑے شاعر اور صحافی اعجاز منگی نے سندھ اسمبلی کے خاتمے کے دن پر  یہ نظم لکھی ہے۔

یومِ نجات

زرداری کا دوراقتدار

اختتام پزیر ہوا

سندھ کو مبارک ہو!

سندھ کی سیاسی تاریخ میں

یہ دن ”یوم نجات ” ہے!

یہ دن سندھ کے زخمی ہونٹوں پر

!!مسکراہٹ کا دن ہے

سندھ کے کسانو

سندھ کے مزدورو

اور سندھ کے نوجوانو

وعدہ کرو

تم اس بار زرداری کو شکست فاش دو گے

اور اسے بتاؤ گے

تم جنرل ضیا کا دوسرا جنم ہو

ہم اس بار تمہارے جال میں

نہیں آئیں گے

ہم زخمی ہونٹوں سے مسکرائیں گے

اور یہ گیت گائیں گے

جیئے سندھ

جیئے سندھ

جام محبت

پیئے سندھ

جیئے سندھ!

Facebook Comments HS