تحریک انصاف میں ٹکٹوں کی تقسیم متنازع: کارکنوں کا شدید احتجاج  


تحریک انصاف میں ٹکٹ کی تقسیم اور پارٹی کی جانب سے جاری کی جانے والی فہرست پر کئی پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو سخت اعتراضات ہیں۔ ناراض کارکنان نے گرینڈ الائنس کے نام سے ایک اتحاد تشکیل دے دیا ہے اس اتحا د میں مردان سے تعلق رکھنے والے کارکنان بھی شامل ہیں۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق اس گرینڈ الائنس کے ناراض کارکنان پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ کے باہراحتجاج کریں گے ۔

دریں اثنا بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر این اے 54 سے تحریک انصاف کے درجنوں کارکنان جمع ہیں اور ٹکٹوں کی تقسیم کے خلاف شدید نعرے بازی کر رہے ہیں۔ کارکنان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 54 سے سرور خان کو ٹکٹ دینے کی مخالفت کی اور کہا کہ انہیں سرور خان بطور امیدوار قبول نہیں۔ پی ٹی آئی کارکنان نے مطالبہ کیا کہ این اے 54 پر اجمل راجا کو پارٹی ٹکٹ دیا جائے۔

واضح رہے ٹکٹوں کے اعلان کے بعد تحریک انصاف میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں۔ بے شمار حلقوں میں امیدوار آمنے سامنے آ گئے، لڑائی جھگڑے شروع ہو گئے ہیں اور مخالفین ٹکٹ نہ ملنے پر غصہ نکال رہے ہیں۔ گوجرانوالہ میں ٹکٹ ملنے کے بعد میاں طارق کے پوسٹرز پر سیاہی پھینک دی گئی اور بے شمار جگہ پر ان کے پوسٹرز اور بینرز پھاڑ دیے گئے، میاں طارق کا کہنا ہے کہ مخالفین اوچھے ہتھکنڈوں سے باز رہیں اور پارٹی کے فیصلے کو قبول کریں۔ اگر کسی کو ٹکٹ نہیں ملا تو اس میں ان کا کوئی قصور نہیں۔

اسی طرح کچھ حلقوں سے یہ اطلاعات آ رہی ہیں کہ ناکام امیدواروں نے پارٹی چھوڑ کر دوسری پارٹیوں میں جانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف نے عام انتخابات کے لیے امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کر دی ہے۔ حیران کن طور پر اس فہرست میں کئی اہم رہنماؤں کے نام شامل نہیں۔ تحریک انصاف میں شامل ہونے والی فردوس عاشق اعوان کا نام بھی اس فہرست میں شامل نہیں ہے ، اسی طرح کے پی کے سے دو مشہور رہنما علی محمد خان اور شہر یار خان آفریدی کا نام بھی فہرست میں شامل نہیں جبکہ تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی بھی ٹکٹ سے محروم رہ گئے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اگر مجھے ٹکٹ نہیں دیا تو کوئی بات نہیں میں پھر بھی پارٹی کے ساتھ رہوں گا ، پہلے بھی پارٹی کے ساتھ تھا، آئندہ بھی کھڑا رہوں گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).