ٹاک ٹو بکس: کتابوں سے سوال پوچھیں۔۔۔ گوگل کا حیران کن ٹول


کیا آپ نے کبھی یہ تصور کیا ہےکہ آپ کسی ایک سوال کا جواب حاصل کرنے کے لیے دنیا بھر سے ہزاروں مصنفین کو ایک جگہ اکٹھا کرلیں؟ کیا یہ واقعی ممکن ہے؟ جی ہاں، بالکل ممکن ہے۔ کم از کم، گوگل نے ایک ایسا طریقہ ایجاد کر لیا ہے کہ آپ اس طرح کا فورم محض آدھے سیکنڈ میں منعقد کرسکتے ہیں۔ گوگل نے اس سلسلے میں ‘Talk to Books’ نامی ایک ایپ یا ٹول متعارف کرایا ہے۔ یہ ایک ایسی خبر ہے جسے سُن کر ریسرچرز، طالبِ علم، ادب کے شائق اور کسی بھی موضوع پر کتابیں پڑھنے والے افراد کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ آپ ’ٹاک ٹو بُکس‘ میں کوئی بھی سوال ٹائپ کریں، اور مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے یہ ’گوگل ٹول‘ آپ کے لیے گوگل بُکس میں موجود 100,000 کتابوں کے ہر جملے کو اسکین کرکے آپ کے سامنے قریب ترین جوابات کی فہرست پیش کردے گا۔

’گوگل بکس‘ اس وقت ایک لاکھ کتابوں کے ذخیرے پر مشتمل ہے، جس میں وقت کے ساتھ مزید اضافہ کیا جائے گا۔ جوابات کی اس فہرست میں متعلقہ جملے ’بولڈ‘ اور ’ہائی لائٹ‘ شدہ ہوں گے۔ مصنوعی ذہانت سے لیس اس ٹول کی وجہ سے ’الفاظ‘ نہیں بلکہ جملوں کی صورت میں بہتر نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ گوگل ’ٹاک ٹو بکس‘ کو کتابوں کو تلاش کرنے کا ایک مکمل طور پر نیا طریقہ قرار دیتاہے، جو مصنفین یا موضوعات کے بجائے جملوں کی سطح پر کام کرتا ہے۔ گوگل کا کہنا ہے کہ ’ٹاک ٹو بکس‘ مخصوص جوابات کی تلاش کے لیے زیادہ تخلیقی ٹول ہے، البتہ اسے طبی مشورے لینے یا دیگر کاموں کے لیے استعمال کرنے سے منع کیا گیا ہے۔ گوگل کا یہ ٹول جدید مشین لرننگ کو ظاہر کرتا ہے، جو فطری انداز کے مطابق کمپیوٹرز کا انسانوں سے رابطہ کرنا ممکن بناتا ہے۔

’ٹاک ٹو بکس‘ کا مقصد ’کی ورڈ سرچ‘ کی جگہ لینا نہیں، بلکہ یہ اپنی مصنوعی ذہانت کے بل بوتے پر فطری انسانی زبان اور لہجے کو سمجھنے کی کوشش کرتا ہے۔ یہ ٹول ابھی تجرباتی مراحل میں ہے اور سرچ کے نتائج ’بیوقوفانہ‘ سے ’بہترین‘ تک، کچھ بھی آ سکتے ہیں۔ گوگل سرچ کے نتائج کو بہتر سے بہتر بنانے پر کام کررہا ہے۔

گوگل کا کہنا ہے کہ ’مشین لرننگ‘ کا استعمال کرتے ہوئے یہ ٹول الفاظ یا جملوں کی ظاہری معنی کے بجائے، انھیں ان کی فطری زبان اور لہجے میں سمجھنے کی کوشش کرتا ہے۔

گوگل کے اس منصوبے پر ڈائریکٹر آف انجنیئرنگ کام کررہے ہیں۔ ان کے کئی اہداف میں ایک سب سے نمایاں اور سرفہرست ہدف یہ ہے: ’کمپیوٹرز کواس طرح تیار کیا جائے کہ وہ انسانوں کی طرح پڑھ اور جواباً عمل کرسکیں‘! گزشتہ سال ان کی ٹیم نے گوگل کی چند ای میل پراڈکٹس کے لیے وقت بچانے کا ٹول Smart Reply متعارف کرایا تھا۔ جب آپ کوئی ای میل کھولتے ہیں تو یہ ٹول اس ای میل کا خودکار جائزہ لینے کے بعد چند سیکنڈوں میں، آپ کے سامنے چند تحریر شدہ ممکنہ جوابی ای میل مواد کی تجاویز پیش کردیتا ہے۔ آپ موزوں ترین جوابی ای میل کا انتخاب کرکے اسے فوراً Send کرسکتے ہیں۔ ’ٹاک ٹو بکس‘ اسی ٹول کا جدید ورژن ہے۔ ’ٹاک ٹو بکس‘ کو کتابیں تلاش کرنے یا متاثرکن معلومات اکٹھا کرنے والے ایک بہترین ٹول کے طور پر لیا جاسکتا ہے۔

اسے ممکنہ طور پر کسی موضوع کے نئے رُخ تلاش کرنے یا کسی کتاب سے فوری طور پر اقتباس حاصل کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ یہ نئے تصورات تلاش کرنے کا بہترین ذریعہ ہے، جس کے ذریعے مطلوبہ مواد تلاش کرنا تفریح معلوم ہوتا ہے۔ ’ٹاک ٹو بکس‘ اس لحاظ سے بھی ایک مؤثر ایجاد ہے کہ اس کے ذریعے آپ براہِ راست اپنا مطلوبہ مواد تلاش کرسکتے ہیں، بجائے اس کے کہ آپ موضوع یا مصنف کے لحاظ سے تلاش کریں۔ یہ ٹول ایک گیم  Semantris سے منسلک ہے، جس کی بنیاد مشین لرننگ پر رکھی گئی ہے۔

اس گیم میں آپ سامنے آنے والے Prompt سے منسلک الفاظ لکھتے ہیں۔ گوگل نے اس سلسلے میں ایک ‘Universal Sentence Encoder’بھی شایع کیا ہے، جو ان مثالوں کو تفصیل کے ساتھ بیان کرتا ہے۔ صرف یہی نہیں، گوگل نے ایک اور نہایت ہی مفید کام بھی کیا ہے، اس نے الفاظ کو ان کی مادری زبان میں سمجھنے کا ایک ماڈیول تیار کرلیا ہے، جس کا استعمال کرتے ہوئے کسی بھی لہجے میں بات کرنے والی کمیونٹی اپنے الفاظ اور جملوں کی Encoding کرسکتی ہے۔

Semantrisگیم میں الفاظ اور ان سے منسلک معنی کو سمجھنے کی ایک مثال اس طرح پیش کی جاسکتی ہے کہ آپ ٹول میں جاکر Bedلکھیں گے تو اس کا ایک ممکنہ جواب Sleep ہوسکتا ہے۔ اس کے بعد Semantris آپ کے سامنے 10 ایسے الفاظ رکھے گا، جہاں یہ ٹول اس بات کی وضاحت کرے گا کہ وہ کیوں سمجھتا ہے کہ Bedکا جو تعلق Sleep کے ساتھ ہے، اس کا وہ تعلق فہرست میں موجود دیگر 9 الفاظ کے ساتھ کیوں نہیں بنتا۔

گوگل اس سے پہلے بھی مصنوعی ذہانت کے ٹول متعارف کرا چکا ہے، جیسے  Teachableمشین۔ گوگل کا یہ ٹول مصنوعی ذہانت کو استعمال کرتے ہوئے ویب کیم ریکارڈنگ کی GIF یا کوئی ساؤنڈ ایفیکٹ وغیرہ بنا دیتا ہے۔ مصنوعی ذہانت کے بارے میں زیادہ جاننے اور سمجھنے کے لیے گوگل ماضی میں ’ڈوڈلنگ‘ اور ’میوزک میکنگ‘ کے ٹول بھی متعارف کراچکا ہے۔ اس طرح کے ٹول متعارف کرانے کے ذریعے گوگل ٹیکنالوجی کو عام لوگوں کے لیے اس طرح کھول رہا ہے، جس سے ہر شخص فائدہ اُٹھا سکتا ہے۔ گوگل کا ’ٹاک ٹو بکس‘ ٹول ابھی ترقی کے ابتدائی مراحل میں ہے، تاہم اسے دیکھ کر اس بات کا کچھ کچھ اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ مستقبل میں ٹیکنالوجی اس طرح آپ سامنے ہوگی کہ آپ کو صرف الفاظ ادا کرنے کی دیر ہوگی اور مصنوعی ذہانت کے زور پر ٹیکنالوجی وہ کام آپ کے لیے پلک جھپکتے ہی کرلیا کرے گی۔

(بشکریہ: لیاقت علی جتوئی)


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).