میرے دروازے اب بھی ریحام خان کیلئے کھلے ہیں


 پاکستانی سیاست کے انوکھے کردار نواب امبر شہزادہ نے بھی آئندہ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں، وہ این اے 125 سے مریم نواز اور یاسمین راشد کا مقابلہ کریں گے۔ اس سے قبل نواب امبر شہزادہ 42 الیکشن ہار چکے ہیں جبکہ دنیا میں سب سے زیادہ الیکشن ہارنے کا ریکارڈ بھارتی شہری ڈاکٹر کے پدما راجن کے پاس ہے جو 171 الیکشن ہار چکے ہیں۔ انڈین نیشنل کانگریس کے صدر راہول گاندھی 27 الیکشن ہار چکے ہیں جس کے باعث گزشتہ برس ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کرنے کی درخواست بھی دی گئی تھی۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے نواب امبر شہزادہ سیاست کے ایک مزاحیہ کردار ہیں جو غیر سنجیدہ سیاست سنجیدگی سے کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ سیاستدان کو شوق کے تحت نہیں بلکہ ضرورت کے تحت کرپٹ ہونا چاہیے۔ انہوں نے این اے 125 لاہور (حلقہ بندیوں سے پہلے این اے 120)سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں، وہ اس حلقے سے چھٹی بار الیکشن لڑ رہے ہیں ، گزشتہ ضمنی الیکشن میں انہوں نے بیگم کلثوم نواز اور پی ٹی آئی کی ڈاکٹر یاسمین راشد کے مقابلے میں صرف 7 ووٹ حاصل کیے تھے۔

ڈاکٹر امبر شہزادہ کا کہنا ہے کہ ان کا انتخابی نشان چمچہ ہے اور وہ عوام کے چمچے ہیں، وہ امیدوار جنہیں ٹکٹ نہیں ملا وہ انتخابی نشان چمچہ کا انتخاب کریں تاکہ بعد میں مل کر اپنی حکومت بنا سکیں۔ وہ اب تک 42 الیکشن ہار چکے ہیں جن میں 4 صدارتی اور 3 سینیٹ کے الیکشن بھی شامل ہیں۔

نواب ڈاکٹر امبر شہزادہ کا کہنا ہے کہ عمران خان کی سیاست جھوٹ پر مبنی ہے جبکہ وہ ریحام خان سے بے حد متاثر ہیں۔ انہوں نے ریحام خان سے گلہ کرتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے عمران خان سے شادی کی اس وقت میں کیوں نظر نہیں آیا۔ امبر شہزادہ نے کہا کہ ان کے دروازے اب بھی ریحام خان کیلئے کھلے ہیں۔

خیال رہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ انتخابات ہارنے کا ریکارڈ بھارت سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر کے پدماراجن کے پاس ہے۔ وہ اب تک 171 الیکشن ہارچکے ہیں اور ہر بار اس امید پرکاغذات جمع کراتے ہیں تاکہ ہار سکیں۔ پدماراجن 1988 سے الیکشن میں حصہ لے کر ہارتے آرہے ہیں ، وہ بھارتی ریاستوں تامل ناڈو، آندھرا پردیش، کیرالہ، کرناٹکا اور نئی دلی سے انتخابات میں حصہ لے چکے ہیں۔ ڈاکٹر کے پدماراجن بھارت کے 4 وزرائے اعظم، 11 وزرائے اعلیٰ، 13 یونین منسٹرز (وفاقی وزرا)اور 15 سٹیٹ منسٹرز (ریاستی وزرا)کا مقابلہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے 8 صدارتی انتخابات، 28 لوک سبھا (قومی اسمبلی)، 35 راجیہ سبھا (سینیٹ) اور 51 ریاستی اسمبلیوں اور بلدیاتی انتخابات لڑے ہیں۔

علاوہ ازیں انڈین نیشنل کانگریس کے صدر راہول گاندھی کے پاس بھی الیکشن ہارنے کا اپنی نوعیت کا منفرد ریکارڈ موجود ہے۔ وہ مختلف مواقع پر 27 الیکشن ہار چکے ہیں، اتنی بڑی سیاسی شخصیت کے اتنے زیادہ الیکشن ہارنے کا یہ بھی منفرد ریکارڈ ہے۔ گزشتہ برس مارچ میں بھارتی ریاست مدھیہ پردیش سے تعلق رکھنے والے ایک انجینئرنگ سٹوڈنٹ نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کو راہول گاندھی کا نام سب سے زیادہ الیکشن ہارنے والی سیاسی شخصیت کے طور پر کتاب میں شامل کرنے کی درخواست دی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).