اسرائیلی وزیر اعظم سے سعودی ولی عہد کی خفیہ ملاقاتیں


سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان کی اسرائیلی وزیراعظم سے خفیہ ملاقات کا انکشا ف ہوا ہے۔ نیتن یاہو کی اماراتی حکام سے بھی خفیہ ملاقاتوں اور روابط کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ اسرائیلی اخبار کے مطابق نیتن یاہو اورسعودی شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان جمعہ کے روز عمان میں خفیہ ملاقاتیں ہوئیں۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان اردن کے دارالحکومت میں واقع شاہی محل میں ملاقات ہوئی۔ یہ ملاقات وائٹ ہائوس کے مشیر خاص جیرڈ کشنر اور مشرق وسطیٰ کے لئے امریکی سفیر جیسن گرین بیلٹ کے دورہ عمان کے موقع پر ہوئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ محمد بن سلمان اور سخت گیر اسرائیلی وزیراعظم کے درمیان ملاقاتیں اردن کے شاہ عبداللہ کی موجودگی اور ان کے بغیر بھی ہوئیں۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم کے اماراتی حکام سے خفیہ ملاقاتوں اور روابط کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ دوسری جانب ایک امریکی اخبار کے مطابق ایران جوہری معاہدے کے وقت سے امریکا اور اماراتی حکام کے درمیان خفیہ روابط اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیل ایران جوہری معاہدے کے خاتمے اور خطے میں اس کے اثر ورسوخ کے لئے عرب ممالک کے ساتھ روابط بڑھا رہا ہے۔

نیویارکر نامی اخبار کے رپورٹر کے مطابق امریکی انٹیلی جنس ایجنسیز کو اماراتی عہدیداران اور اسرائیلی حکام کے درمیان فون کالز کے بارے میں معلوم ہوا ہے جبکہ ان میں سے ایک فون کال امارات کے ایک سینئر عہدیدار اور نیتن یاہو کے درمیان تھی۔ رپورٹ کے مطابق ہلیری کلنٹن بطور صدارتی امیدوار اور بطور وزیر خارجہ اس معاملے سے آگاہ تھیں کہ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب ایران کے اثر روسوخ کو کم کرنے کے لئے اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی موساد سے رابطے میں ہیں۔

امریکی صحافی نے انٹیلی جنس اداروں کے حوالے سے بتایا کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے عہدیدار وں کے درمیان ملاقات یونان میں ہوئی تھی۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ بادی النظر میں یہ معلوم ہوتا ہے کہ مذکورہ ملاقات میں نیتن یاہو خود بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ امارات اور سعودی عرب کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔ دریں اثنا اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو نے اردن کے بادشاہ سے ملاقات میں واضح کیا کہ وہ بیت المقدس کی انتظامی صورت حال کو برقرار رکھنے کے حامی ہیں۔ اس ملاقات کی تصدیق اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کی گئی ہے۔ شاہ عبداللہ ثانی کے ساتھ اسرائیلی وزیراعظم کی ملاقات تقریباً ایک سال بعد ہوئی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).