بہترین ہوٹل، مسلم کموڈ اور عرب مسافروں کی دیگر مخصوص ضروریات


کمرے میں جائے نماز، نماز کا وقت بتانے والی گھڑی، شہر کی مسجد میں اذان کے ساتھ کمرے میں بھی اذان کی آواز، الماری میں عزت و احترام سے رکھا ہوا قرآن، باتھ روم میں طہارت کموڈ، کھانے میں حلال کھانا اور یہاں تک کہ ٹیکسی میں تلاوت اور ساتھ ہی مکہ مدینہ کی محترم ومبارک جگہوں کی خوبصورت فلم۔ واہ رے جاپان، کوریا، چین ہر ایک کی ضرورت کے مطابق ہر ایک کے لئے انتظام۔ دنیا اسی کا نام ہے اور ترقی اسی کی ہے جو ان چیزوں کو سمجھے۔

ہماری میٹنگ کافی دیر تک چلتی رہی۔ میٹنگ کے بعد بہت ہی پُر لطف اور پُر تکلف کھانے کا انتظام تھا۔ یہ انتظام دریا میں ایک بڑی سی کشتی پر کیا گیا تھا۔ دریا پر یہ کشتی ہولے ہولے تیرتی جارہی تھی اس طرح کی بہت ساری کشتیاں خراماں خراماں رواں تھیں اور مختلف جانب سے مختلف قسم کی موسیقی اور گانوں کی آوازیں آرہی تھیں موسم بہار کی ٹھنڈی ہوا میں فضا معطر معطر سی ہورہی تھی مجھے بہت مزا آیا۔ رات گئے میں آفس کی گاڑی سے ہوٹل واپس آگیا تھا۔

ہوٹل آکر ایک اور گرما گرم شاور لینے کے بعد میں بستر پر لیٹتے ہی سوگیا۔ ابھی شاید نیند کے پہلے ہی مرحلے میں تھا کہ کسی نے دروازے کی گھنٹی بجائی۔ پہلے تو میں سمجھا کہ شاید میں غنودگی میں کچھ آواز سن رہا ہوں لیکن دوسری گھنٹی کی آواز پر میں اُٹھ گیاتھا۔

سائڈ ٹیبل پر موجود بٹن دباکر میں نے روشنی کی، گاؤن پہنا اور ہوٹل کے آرام دہ چپل کو پہن کر دروازہ کھولا تھا۔

دروازے کی روشنی میں وہ نہا گئی، میں اسے دیکھتا ہی رہ گیا۔ وہ اتنی ہی خوبصورت تھی یا شاید کوریڈور کی دھیمی روشنی اور کمرے کی زائد روشنی کے امتزاج میں ڈوبا ہوا جسم وچہرہ مجھے اچھا لگا تھا۔ وہ ایک مکمل لڑکی تھی۔ کسے ہوئے کپڑوں میں کسا ہوا جسم لئے ہوئے۔

میرے کچھ کہنے اور پوچھنے سے قبل وہ دھیرے سے میرے سامنے سے کمرے میں داخل ہوگئی۔ اسی وقت مجھے یہ احساس بھی ہوا کہ وہ بھی اس کے ساتھ ہے۔ اس کے چہرے پر وہی صبح والی خاص مسکراہٹ تھی جب وہ مجھے طہارت کموڈ کے بارے میں بتا رہا تھا۔

میں سمجھا نہیں میں نے صورتحال کا اندازہ کرتے ہوئے تھوڑا غصے سے پوچھا۔
آپ کے لئے سر، آپ کی خدمت کے لئے سر دبائے گی، جسم دبائے گی مساج کرے گی جو آپ بولو گے بالکل آپ کے نوکرکی طرح۔ بالکل کلین ہے سر۔ ٹیسٹ ہوچکا ہے کوئی بیماری نہیں ہے، بالکل ینگ ہے صرف چوبیس سال کی مسلمان گرل سر مسلمان۔ زبیدہ اِز ہر نیم۔

میں حیران رہ گیا اس کے انداز پر۔ صبح کہاں وہ اسلامی ضروریات کے مطابق ہر مطالبہ پورا کرنے کو تیار تھا اور اب ایک طوائف کو لے کر آگیا اور ساتھ یہ بھی کہہ رہا تھا کہ مسلمان ہے یہ۔
میں نے اسے سختی سے کہا کہ وہ فوراً لڑکی کو لے کر کمرے سے چلاجائے اور باقی باتیں صبح کروں گا۔ منیجر کے آفس آکر میں غصے میں زیادہ بات نہیں کرنا چاہتا تھا۔ صبح ناشتے سے پہلے میں منیجر کے کمرے میں چلا گیا کہ ُاس سے اس بے ہودگی کی شکایت کروں۔ وہ وہاں پہلے سے ہی موجود تھا۔ ان دونوں نے خوش دلی سے میرا استقبال کیا۔

منیجر نے میری بات پوری توجہ سے سنی اور میری بات ختم ہوتے ہی مجھ سے معافی مانگ لی اور ساتھ ہی اس نے بھی ہاتھ جوڑتے ہوئے اپنی اسی مسکراہٹ کے ساتھ بھرپور انداز میں معافی مانگی کہ ان سے غلطی ہوئی ہے۔ وہ غلط سمجھے تھے۔ میرے پاس اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا کہ میں بالکل ہی ٹھنڈا ہوجاؤں کہ مزید غصے کا کوئی فائدہ نہیں تھا۔

میں باہر آنے لگا تو اس نے مجھے مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا۔ سر، میں دوبارہ معافی مانگتا ہوں پر صاحب میں کروں کیا میں تو آپ کو بھی عربی سمجھا تھا ان کو ذبیح گوشت بغیر لارڈ کا کھانا اور طہارت کموڈ کے ساتھ رات کو کلین لڑکی بھی چاہیے ہوتی ہے۔ مجھے کیا پتہ تھا کہ آپ عرب نہیں ہیں۔


صفحات: 1 2