این اے 67: فواد چودھری عام انتخابات کے لئے نا اہل قرار


این اے 67 سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کو ایپلٹ ٹربیونل نے نا اہل قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایپلٹ ٹربیونل کے جج جسٹس عبدالرحمان لودھی نے فواد چودھری کے کاغذات نامزدگی پر فیصلہ سنایا۔ ٹربیونل نے درخواست گزار کے اعتراضات منظور کرتے ہوئے فواد چودھری کو عام انتخابات کے لئے نا اہل قرار دے دیا۔

فواد چودھری کے خلاف اعتراض جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوارفخرعباس کاظمی نے دائرکیے تھے۔ جن میں انہوں نے موقف اپنایا تھا کہ فواد چودھری کا شناختی کارڈ میں نام فواد احمد لکھا ہے اور انہوں نے زرعی ٹیکس ادا نہیں کیا جبکہ فواد چودھری کی 2 بیویاں بھی ہیں جن کا ذکر کاغذات نامزدگی میں نہیں کیا گیا۔ درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ فواد چودھری نے کاغذات نامزدگی میں ٹیمپرنگ بھی کی ہے اور ان کے وکیل کی جانب سے کہا گیا تھا کہ ان سے کاغذات نامزدگی میں غلطی ہو گئی جس پر وہ معذرت کی درخواست جمع کرائیں گے لیکن اس جانب سے کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی تھی۔