’ٹینس کھیلنے پر کہا گیا کہ کالی ہوجائے گی، کوئی شادی نہیں کریگا‘: ثانیہ مرزا


پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کہتی ہیں کہ بچپن میں انہیں ٹینس کھیلنے پر کہا گیا کہ یہ کالی ہوجائے گی اور اس سے کوئی شادی نہیں کرے گا۔ ثانیہ مرزا جو ان دنوں حاملہ ہیں اور سب کی توجہ کا مرکز بھی ہیں، ان کی یہ نئی تصاویر ممبئی میں ایک تقریب میں شرکت کے موقع پر لی گئیں جس میں وہ فوٹوگرافروں کو انتہائی دلکش پوز دیتی نظر آرہی ہیں،ان کی سوشل میڈیا پر یہ نئی تصاویر وائرل ہوگئیں۔

ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اقوام متحدہ کے ادارے یو این ویمن انڈیا کے نغمے ’مجھے حق ہے‘ کی افتتاحی تقریب میں شریک تھیں۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے صرف 6 برس کی عمر میں ٹینس کھیلنا شروع کیا،اس دور میں یہ بھی سننے کو نہیں ملتا تھا کہ حیدرآباد کی کوئی لڑکی ٹینس کھیلتی ہے۔

ثانیہ مرزا نے گفتگو کرتے ہوئے اپنے بارے میں بتایا کہ جب میرے والدین نے میرے انکل آنٹی کو میرے ٹینس کھیلنے کے متعلق آگاہ کیا تو انہوں نے کہا کہ یہ کالی ہوجائے گی، پھر دیکھنا کوئی اس سے شادی نہیں کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ایسے گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں جہاں بہت سے کرکٹرز ہیں، یہاں تک کے ان کے والد بھی کرکٹ کھیلا کرتے تھے تاہم میری کامیابی میں والدین کا اہم کردار ہے جنہوں نے ہمیشہ حوصلہ افزائی کی۔

ثانیہ مرزا نے کہا کہ لڑکیوں کو ہمت نہیں ہارنی چاہیے، مرد اور خواتین کے حقوق برابر ہیں ،معاشرے کو چاہیے کہ وہ بھی برابری کی بنیاد پر چلے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اب تک خواتین کو کھیلوں میں مردوں کے برابر اہمیت نہیں دی گئی، اسی لیے مردوں کو انعامات زیادہ دیے جاتے ہیں جبکہ خواتین کو کم دیتے ہیں۔  یہ رویہ ناقابل برداشت ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).