کیا مسلم لیگ (ن) انتخابات کا بائیکاٹ کرنے والی ہے؟ سعد رفیق نے کیا جواب دیا؟


مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کی نشست این اے 131 لاہور کے عوام ان کے ساتھ ہیں اور وہ تحریک انصاف کے چیئرمین کو بھاری اکثریت سے شکست دیں گے۔ خواجہ سعد رفیق نے شکوہ کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کے لیے یکساں مواقع فراہم نہیں کیے جا رہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کو اس طرح نشان بنایا جاتا رہا تو ہم بہت کچھ بول سکتے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ مختلف حربوں سے ہمیں تنگ کرنا بند کیا جائے۔ سعد رفیق نے ان افواہوں کی تردید کی کہ مسلم لیگ (ن) الیکشن کے بائیکاٹ پر غور کر رہی ہے۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں کوئی سوچ بچار نہیں کی گئی۔ خواجہ سعد رفیق نے الزام عائد کیا کہ قومی احتساب بیورو (نیب ) اور عدالتوں میں زیرِ سماعت مقدمات میں الجھا کر مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کو متاثر کیا جا رہا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).