تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے شاہد محمود خان مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے
ملتان سے تحریک انصاف کے سابق ایم پی اے شاہد محمود خان نے پی ٹی آئی قیادت کو اپنا استعفیٰ بھجوا دیا ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق شاہد محمود خان اپنا استعفی بھجوانے کے بعد ن لیگ میں شمولیت کے لیے لاہور چلے گئے ہیں۔ شاہد محمود خان این اے 155 اور پی پی 214 میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی حمایت کریں گے۔
انہوں نے اپنے استعفے میں موقف اختیار کرتےہوئے کہا کہ تحریک انصاف سے وفا کرنے کا کوئی فائدہ نہ ہوا، جن لوگوں کے خلاف تحریک چلائی تھی، آج وہی لوگ پارٹی میں موجود ہیں۔ میں پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دیتا ہوں۔
ٹی وی ذرائع کے مطابق تحریک انصاف سے استعفے کے بعد شہباز شریف نے شاہد محمود کو فون کیا اور کہا کہ انہیں ن لیگ میں پرانا مقام دیا جائے گا۔ شاہد محمود خان نے کہا کہ مشاورت کے بعد ن لیگ میں شامل ہو جاؤں گا۔


