جہانگیر ترین کی لندن میں طبیعت ناساز: جگر کے عارضے میں مبتلا ہیں
پاکستان تحریک انصاف کے اہم رہنما جہانگیر ترین کی لندن میں حالت بگڑ گئی۔ جگر کے عارضے میں مبتلا نکلے۔ ڈاکٹروں نے آرام کا مشورہ دے دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق لندن میں موجود تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کے حوالے سے تشویش ناک خبر موصول ہوئی ہے۔ جہانگیر ترین نے لندن میں ڈاکٹرز سے اپنا میڈیکل چیک اپ کروایا ہے۔ میڈیکل چیک اپ کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ جہانگیر ترین جگر کے عارضے میں مبتلا ہیں۔ ڈاکٹرز نے جہانگیر ترین کو علاج کے ساتھ ساتھ آرام کی تلقین بھی کی ہے۔
جہانگیر ترین کو لندن میں ہی تین روز کے قیام کا مشورہ دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل خبر سامنے آئی تھی کہ پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین غیر معینہ مدت کے لیے لندن چلے گئے ہیں۔ جس کی ممکنہ وجہ ان کی شاہ محمود قریشی سے چپقلش بتائی گئی تھی۔


