شادی کی تقریب کے دوران بجلی کڑکنے سے دلہا حواس باختہ ہوگیا اور اس کے چہرے کا رنگ زرد پڑ گیا (فوٹو: فائل)

بھارت میں بجلی کڑکنے سے دلہے کے خوف زدہ ہونے  پر دلہن شادی کی تقریب سے اٹھ کرچلی گئی اور رشتے سے انکار کردیا۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست بہار میں دلہن نے اس وقت شادی سے انکار کردیا جب شادی کی تقریب کے دوران بجلی کڑکنے سے دلہا حواس باختہ ہوگیا اور اس کے چہرے کا رنگ زرد پڑ گیا۔ دلہے کے اس غیر معمولی رویے اور خوف کو دیکھ کر دلہن حیرت زدہ ہوگئی۔

دلہن کے پوچھنے پر دلہے نے بتایا کہ وہ بجلی کڑکنے سے شدید خوف میں مبتلا ہوگیا تھا جس کی وجہ سے وہ عجیب و غریب برتاؤ کررہا تھا، دلہے کو اس قدر خوف کھاتا دیکھ کر دلہن نے اس سے ناطہ جوڑنے سے انکار کردیا اور تقریب سے اٹھ کر چلی گئی۔

دلہن کے انکار پر دلہے والوں نے دلہن کے رشتے داروں پر حملہ کردیا اور پھر باراتی لڑپڑے۔ دونوں جانب سے ایک دوسرے پر لاتوں گھونسوں کی بارش کی گئی جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے جس پر پولیس نے جھگڑا کرنے والے 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔

دلہن نے جاتے ہوئے بھرے مجمع میں اعلان کیا کہ وہ ڈرپوک لڑکے سے ہرگز شادی نہیں کرسکتی۔