عوام مسلم لیگ (ن) کے عورت دشمن امیدوار ہارون سلطان کو ووٹ نہ ڈالیں: تہمینہ درانی


سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی اہلیہ تہمینہ درانی کا کہنا ہے مسلم لیگ ن کو ہارون سلطان سے جان چھڑانی چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف کی اہلیہ تہمینہ درانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ن لیگی امیدوارہارون سلطان سے ٹکٹ واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔ شہبازشریف کی اہلیہ نے کہا کہ ہارون سلطان مسلم لیگ ن کے لیے بے عزتی کا باعث بنے۔ انہوں نے پارٹی کی سیاسی پالیسی کے خلاف بیان دیا۔ ن لیگ کے قائد اور صدر اس معاملے کا فوری نوٹس لیں۔

تہمینہ درانی کے مطابق خواتین ن لیگی امیدوارہارون سلطان کو ووٹ نہ دیں، وہ کسی صورت فلاح وبہبود اورترقی کے لیے بہترنہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہارون سلطان عوام کاحقیقی نمائندہ نہیں ہے۔ جو شخص53 فیصدآبادی (عورتوں) کو برابر نہیں سمجھتا، اسے نااہل ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ ہارون سلطان این اے 184 مظفرگڑھ سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ہیں اور انہوں نے خاتون کو ووٹ دینا حرام قرار دیا تھا۔