جنرل اشفاق کیانی کے بھائی اور سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو گرفتار کیا جائے: فواد چوہدری
پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن تک کرپشن کے الزام میں سیاستدانوں کی گرفتاری روکنے کا نیب کا فیصلہ مسترد کر دیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے نیب کی طرف سے دہرا معیار اپنانے کی بھی مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ الیکشن تک سیاستدانوں کی گرفتاریاں روکنے کے نیب کے فیصلے کی مذمت کرتے ہیں۔ نیب کو سیاستدانوں کے حوالے سے دُہرا معیار نہیں اپنانا چاہیے۔
فواد چوہدری نے مطالبہ کیا کہ کرپشن میں ملوث سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری اور سابق آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی کے بھائی کو بھی گرفتار کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی صاحبزادی اور داماد ایڈن ہائوسنگ سکینڈل میں ملوث ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا نیب صرف سیاستدانوں کے خلاف کارروائیوں کے لیے بنا ہے؟


