احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر کون ہیں؟


احتساب عدالت (1) کے جج محمد بشیر کل چھ جولائی 2018ء بروز جمعہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر کے خلاف ایوان فیلڈ پراپرٹی ریفرنس کا فیصلہ سنائیں گے۔

محمد بشیر آبائی طور پر ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھتے ہیں۔ 1958ء میں پیدا ہونے والے محمد بشیر کے آبا واجداد بھارت سے ہجرت کر کے جنوبی پختون خوا کے ہندکو اسپیکنگ علاقے میں آباد ہوئے تھے۔ ان کی مادری زبان اردو ہے۔ محمد بشیر نے ابتدائی تعلیم ڈیرہ اسماعیل خان سے حاصل کی۔ بعدازاں گومل یونیورسٹی اور پشاور میں تعلیم پائی۔ قانون میں ایل ایل ایم کی سند 1990 میں پنجاب یونیورسٹی سے حاصل کی۔

محمد بشیر ماتحت عدلیہ میں سول جج کے طور پر تعینات ہوئے تھے۔ بعد ازاں ایڈیشنل سیشن جج اور ڈسٹرک اینڈ سیشن جج کے عہدوں پر ترقی پائی۔ اس برس کے آغاز میں ریٹائرمنٹ کی عمر کو پہنچنے کے بعد محمد بشیر کو تین برس کے لئے مدت ملازمت میں توسیع دی گئی تھی۔ محمد بشیر پیشہ ورانہ حلقوں میں اپنی قانونی قابلیت اور دیانتدارانہ رویے کی شہرت رکھتے ہیں۔

قبل ازیں اطلاعات تھیں کہ احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر آج چھٹی پر چلے گئے ہیں اور یہ امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ وہ کل بھی چھٹی پر رہیں گے۔ تاہم تازہ ترین اطلاعات کے مطابق محمد بشیر اعلان کے مطابق کل (6 جولائی) کو ایوان فیلڈ پراپرٹی ریفرنس کا فیصلہ سنائیں گے