خوف ہے کہ اٹھارویں ترمیم واپس نہ ہو جائے: رضا ربانی


پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اورسابق چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی کا کہنا ہے کہ 25 جولائی کے الیکشن کے بعد خوف ہےکہ اٹھارہویں ترمیم واپس نہ ہو جائے جب کہ ہمارے آئینی ادارے آپس میں لڑ رہے ہیں اور پارلیمنٹ کو کمزور کر دیا گیا ہے۔

سابق چیئرمین سینیٹ نے ان خیالات کا اظہار نجی یونیورسٹی میں ایک سیمینار سےاپنے خطاب میں کیا اور کہا کہ الیکشن سے پہلے مقتدر قوتیں اب تک جو کرچکیں، کرچکیں اب وہ آخری 20 دنوں میں انتخابات شفاف ہونے دیں کیونکہ انجینئرڈ الیکشن نے نہ پہلے پاکستان کے مسائل حل کئے نہ آئندہ کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خوف ہے کہ 25 جولائی کے بعد اٹھارہویں ترمیم واپس نہ ہوجائے۔ اس ترمیم کے ذریعے صوبوں کو ملے تھوڑے بہت حقوق بھی اسلام آباد کو واپس دلانے کی بات ہو رہی ہے۔

رضا ربانی نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم سے انتہا پسند قوم پرست تنظیموں کو آئینی حدود میں رہتے ہوئے حقوق حاصل کرنے کا احساس ہوا جبکہ آئینی ادارے آپس میں لڑ رہے ہیں، پارلیمنٹ کو کمزور کر دیا گیا تاہم سیاسی کارکن کی حیثیت سے تسلیم کرتا ہوں اس میں ہماری بھی غلطی ہے۔

سابق چیئرمین سینیٹ نےکہا کہ آئین میں کہاں لکھا ہے عدلیہ، پارلیمنٹ اور انتظامیہ کا کام انجام دے۔ 25 جولائی کے بعد سیاسی استحکام نظر نہیں آرہا۔ جب قومی اسمبلی میں چوں چوں کا مربہ بٹھایا جائے گا تو اس سے کیا امید رکھیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اسٹیبلشمنٹ نے سیاسی پارٹیوں کو استعمال کرکے ٹشو پیپر کی طرح پھینک دیا۔ ملک کی اشرافیہ اور عوام کی سوچ مختلف ہے جبکہ ملک کے وسائل پر قابض اشرافیہ کے ذہن آزادی سے پہلے والوں کی سوچ ہے۔