صحافی صابر شاکر کو چار بجے سنایا جانے والا فیصلہ صبح 11 بجے ہی ٹھیک ٹھیک کیسے معلوم تھا؟
ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں سابق وزیراعظم نوازشریف کو 10 سال قید اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 7 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ یہ فیصلہ سہ پہر چار بجے کے بعد سنایا گیا۔ تاہم کچھ ایسے صحافی بھی سامنے آگئے ہیں جنہوں نے صبح ساڑھے گیارہ بجے ہی فیصلہ سنا دیا تھا۔ عدالت نے شام چار بجے قریب قریب وہی فیصلہ سنایا جس کی پیش گوئی مذکورہ صحافی کر چکے تھے۔
صحافی صابر شاکر نے دن کو ساڑھے گیارہ بجے ہی ٹوئٹر پر لکھا کہ ’نواز شریف 10 سال قید۔ مریم صفدر 7 سال قید، کیپٹن صفدر 5 سال قید۔ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس ضبط۔ بھاری جرمانے۔ جعلی دستاویزات پیش کرنے دھوکہ دینے پر الگ مقدمات۔
یہ پیش گوئی کرنے میں صابر شاکر اکیلے نہیں تھے بلکہ رات کے پہلے پہر ہی یعنی ڈیڑھ بجے طلعت حسین نے لکھا کہ ’ایون فیلڈ کیس کے فیصلے کا دن، اگر نوازشریف کو 10 برس اور مریم نواز کو 7 سال قید ہوتی ہے تو شہبازشریف بطور پارٹی سربراہ کیا کریں گے؟ کیا وہ افسردہ گانا گائیں گے اور ٹوئٹر پر آنسو بہائیں گے؟ کیا وہ احتجاج کریں گے۔ وہ جو بھی کریں، آج شہبازشریف کو نوازشریف سے زیادہ سچائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔




