نواز شریف پہلی مرتبہ چوہدری نثار پر جنرل (ر) ظہیر الاسلام کی وجہ سے برہم ہوئے: سینٹر پرویز رشید


پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سینٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف پہلی مرتبہ چوہدری نثار پر جنرل (ر) ظہیر الاسلام کو الوداعی دعوت دینے پر برہم ہوئے، نواز شریف نے کہا ہمارے خلاف دھرنا کروانے والے کو کیوں شیلڈ دی؟ ہم فوج سے نہیں لڑتے، ہمیں کچھ فوجیوں کے سیاست کرنے پر اعتراض ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ ملنے کے بعد راجہ قمر الاسلام کو گرفتار کرلیا گیا۔ قمرالاسلام سے نیب کی نہیں بلکہ چوہدری نثار کی مخالفت ہے اور ان کی گرفتاری کا بھی چوہدری نثار کو فائدہ ہوگا، کسی مسلم لیگی کو پارٹی ٹکٹ ملنا بھی جرم بنا دیا جائے اور محکمہ زراعت بھی آ جائے تھپڑ مارنے تو کل کو محکمہ صنعت آجائے گا۔ محکمہ انصاف تو اپنا کام کر ہی رہا ہے۔

جو باتیں نواز شریف سے چوہدری نثار نے منوانے کی کوشش کی وہ چونکہ نہیں مانی گئیں اس لیے ان کے خلاف فیصلہ آیا۔ پرویز رشید نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف پہلی مرتبہ چوہدری نثار پر جنرل (ر) ظہیر الاسلام کو الوداعی دعوت دینے پر برہم ہوئے۔ نواز شریف نے کہا ہمارے خلاف دھرنا کروانے والے کو کیوں شیلڈ دی؟ نواز شریف کے خلاف فیصلہ عدالتی نہیں، سیاسی ہے، یہ اقامہ ٹو ہے اور نواز شریف کو بات نہ ماننے کی سزا ملی ہے۔

پرویزرشید نے کہا کہ ہم فوج سے نہیں لڑتے، ہمیں کچھ فوجیوں کے سیاست کرنے پر اعتراض ہے۔ سیاسی فیصلوں کو سیاسی کارکن رد کرتے ہیں اور ان کے خلاف مزاحمت کرتے ہیں۔ یہ ہم سب کا حق ہے۔ چوہدری نثار خود کہہ رہے ہیں کہ نواز شریف کو بات نہ ماننے پر سزا ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جن فیصلوں کو شک کی نظر سے دیکھا جاتا ہے ان فیصلوں کے پیچھے ہاتھ تلاش کیے جاتے ہیں۔ چوہدری نثار کہہ رہے ہیں کہ نواز شریف کو کچھ باتیں نہ ماننے کی سزا دی گئی ہے۔ چوہدری نثار تو وہی بات کہہ رہے ہیں جو پہلے دن سے میاں نواز شریف کہہ رہے ہیں۔ چوہدری نثار یہی کہہ رہے ہیں کہ میاں نواز شریف کے خلاف عدلیہ کا فیصلہ میرٹ پر نہیں ہے۔ جو باتیں نواز شریف سے چوہدری نثار نے منوانے کی کوشش کی وہ چونکہ نہیں مانی گئیں اس لیے فیصلہ آیا۔

پرویز رشید نے کہا کہ ہم فوج سے نہیں لڑتے ۔ ہم نے فوج کے ساتھ کونسی لڑائی کی؟ کون پاکستانی ہے جو اپنی فوج کے ساتھ لڑتا ہے۔ لیکن اگر کچھ فوجی سیاست میں حصہ لیں اور سیاسی مقاصد رکھتے ہوں تو ان کو سیاست سے روکنا اور اس بات کا کہنا کہ وہ سیاست نہ کریں یہی ہمارا قصور ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اس بات کی اطلاعات ہیں کہ جنرل(ر) ظہیرالاسلام دھرنے والوں کی پشت پناہی کرتے تھے۔ جب وہ ریٹائر ہوئے تو چوہدری نثار نے انکے اعزاز میں کھانا دیتے ہیں اور انکو شیلڈ پیش کرتے ہیں تو چوہدری نثار سے کوئی یہ پوچھ سکتا ہے کہ ان کو یہ شیلڈ کن خدمات کے عوض دی۔ ہوسکتا ہے میاں نواز شریف چوہدری نثار کو اسی طرح کی باتوں سے روکتے تھے۔ پرویز رشید نے کہا کہ چوہدری نثار نے کہا تھا کہ وہ بچوں کے ساتھ سیاست نہیں کرتے۔ اب وہ بچوں کے ساتھ ہی سیاست کر رہے ہیں اور دنیا دیکھ رہی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).