تحریک طالبان نے پشاور حملے کی ذمہ داری قبول کرلی


’پشاور میں جا کر حملہ ہم نے کیا‘ تحریک طالبان نے ذمہ داری قبول کرلی

اپنے ایک بیان میں تحریک طالبان کے ترجمان محمد خراسانی نے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کی اور دعویٰ کیا کہ تحریک طالبان پاکستان کےعبدالکریم نے گزشتہ رات  فدائی حملہ کیا،جس میں وہ بھی مارا گیا۔ ترجمان نے آئندہ بھی عوامی نیشنل پارٹی کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی اور عوام کوخبردار کیا ہے کہ  اے این پی کے دفاتر اور ان کے لوگوں سے دور رہیں ۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ 2012ءمیں شہید ہارون بلور کے والد اور سابق صوبائی وزیربشیراحمد بلور بھی طالبان کے ایک خودکش حملے میں شہید ہوچکے ہیں۔

یادرہے کہ گزشتہ شام پشاور کے نواحی علاقے یکہ توت میں ایک کارنر میٹنگ کے دوران اس وقت خود کش حملہ آور نے ہارون بلور کو نشانہ بنایا جب انہیں سٹیج پر آکر خطاب کرنے کی دعوت دی گئی اور جیسے ہی وہ نشست سے اٹھے تو کارکنان نے آتش بازی شروع کردی ، اسی دوران خود کش حملہ آور ہارون بلور کے قریب پہنچنے میں کامیاب ہوگیا جہاں اس نے خود کو اڑا لیا، خودکش حملہ آور کا سر بھی سیکیورٹی فورسز نے قریبی چھت سے برآمد کرلیا ہے ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).