ڈاکٹر یاسمین راشد نے عمران خان کے حالیہ جلسوں میں عوام کی گھٹتی ہوئی تعداد کی وجہ بیان کر دی
لاہور کے حلقہ این اے 127 سے پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹریاسمین راشد نے عمران خان کے حالیہ جلسوں میں عوام کی تعداد کم ہونے کی ممکنہ وجہ بے نقاب کر دی۔ نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ حبس اور گرمی کی وجہ سے عمران خان کے جلسے میں آنے والوں کی تعداد کم ہوگئی ہے ۔
کیپیٹل ٹاک کے میزبان حامد میر کے عمران خان کے حالیہ جلسوں میں تعداد کم ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ ’میں نے کئی دنوں سے ٹیلی ویژن نہیں دیکھا کیونکہ میں اپنے حلقے میں مصروف رہی ہوں۔ دیر کے جلسے کی ویڈیو آئی ہے۔ اس میں تو بے شمار افراد شریک تھے۔ میں حیران ہو رہی ہوں کہ آپ کہاں کہاں کے جلسوں کا ذکر کر رہے ہیں۔
سیکیورٹی خدشات سے متعلق ضمنی سوال پر ان کا کہنا تھا کہ سکیورٹی تھریٹ کے علاوہ کچھ گرمی کی وجہ ہے۔ آپ بھی حلقے میں نکلے تھے تو اندازہ ہوا ہو گا کہ گرمی اور حبس میں حالات اتنے خراب ہیں۔ اس موسم میں جو لوگ باہر آجاتے ہیں ان کی بہت بڑی مہربانی ہے، ورنہ تو اس سے زیادہ مشکل موسم نہیں ہوسکتا۔ جس موسم میں نہ صرف ہم کمپین کر رہے ہوتے ہیں لیکن جو ہمارے کارکن اور عوام جو باہر نکلتے ہیں ان کو تو بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔


