طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے بعد جب پائلٹ نے اصل خرابی بتائی

برطانیہ کے گیٹ وِک ایئرپورٹ پر گزشتہ روز برٹش ایئرویز کے ایک طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی اور پائلٹ نے باہر آ کر ایسا اعلان کر دیا کہ ہر مسافر کا سانس ہی رک کر رہ گیا۔ میل آن لائن کے مطابق ہنگامی لینڈنگ کے بعد پائلٹ نے باہر آ کر مسافروں کو بتایا کہ ”ہمیں گیٹ وِک ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑ گئی ہے کیونکہ جہاز کا ہائیڈرالک فلوڈ لیک کر گیا تھا۔ میں نہیں چاہتا تھا کہ آپ لوگوں کو ذہنی اذیت سے دوچار کروں اس لیے پہلے آپ کو یہ بات نہیں بتائی گئی۔ اب ہم بالکل محفوظ ہیں تاہم ابھی آپ لوگ جہاز سے اتر نہیں سکتے کیونکہ ہائیڈرالک فلوڈ لیک ہونے کی وجہ سے اس کے دروازے بھی نہیں کھل سکتے۔“
طیارے میں سوار اسرائیلی ماڈل ہوفیت گولان کا کہنا تھا کہ ”جہاز میں ہنگامی صورتحال کا اعلان تو کر دیا گیا تھا لیکن عملہ مسافروں کو بتا نہیں رہا تھا کہ آخر ہوا کیا ہے۔ اس سے مسافر شدید خوف و ہراس کا شکار ہوئے اور اکثر تو رونے لگ گئے۔ “ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ہوفیت گولان نے لکھا ہے کہ ”میں خود کو بہت خوش قسمت سمجھ رہی ہوں۔ جہاز میں ایسی خرابی آئی تھی کہ وہ تباہ بھی ہو سکتا تھا لیکن بہادر پائلٹ نے اپنی مہارت سے اسے ایئرپورٹ پر اتار دیا اور سینکڑوں لوگوں کی جانیں بچا لیں۔“ پورٹ کے مطابق طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کی وجہ سے گیٹ وِک ایئرپورٹ چار گھنٹے تک بند رہا اور وہاں آنے والی پروازوں کو دیگر ایئرپورٹس کی طرف موڑ دینے کی وجہ سے مسافروں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ گیٹ وِک ایئرپورٹ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ”تکنیکی خرابی کی وجہ سے برٹش ایئرویز کی پرواز بی اے 2605رن وے پر ہی کھڑی رہی جس کی وجہ سے مرکزی رن وے بند کرنا پڑا۔ “




