جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو جانا چاہیے: جنرل (ر) امجد شعیب
جسٹس شوکت عزیز صدیقی طرف سے حساس ادارے پر الزامات کے بارے میں ایک نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے دفاعی تجزیہ کار جنرل (ر) امجد شعیب نے کہا ہے کہ میں کافی عرصہ سے سوچ رہا تھا کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے اب تک مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیارکیوں نہیں کر لی؟ انہوں نے کہا کہ اب انہیں مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر ہی لینی چاہیے۔
جنرل (ر) امجد شعیب نے کہا کہ میں ان کے بہت سارے کیسز دیکھ رہا تھا کہ جب وہ سماعت کرتے تھے تو بغیر کسی وجہ کے آرمی کو گھسیٹ لاتے تھے، آرمی کے بارے میں خلاف حقیقت ریمارکس دیتے تھے اور تذلیل کرتے تھے۔ جنرل (ر) امجد شعیب نے کہا کہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے اپنے اندر ایک غصہ اور بغض تھا جو وہ ریمارکس دے کر نکالتے تھے۔ اس میں لازماً وہ ہمیشہ غلط ہی ہوتے تھے۔
چاہے وہ تحریک لبیک والوں کا دھرنا ہو یا پھر لاپتہ افراد کا کیس ہو یا پھر کوئی اور مقدمہ جس میں کوئی آرمی کا نام لے لے، وہ آرمی کے خلاف ریمارکس ضرور دیتے تھے، جنرل (ر) امجد شعیب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کا وہ بغض تھا جو افتخار چودھری کے وقتوں سے چلا آ رہا تھا۔ دفاعی تجزیہ کار جنرل (ر) امجد شعیب نے کہا کہ اب ہو سکتا ہے کہ وہ دیکھ رہے ہوں کہ ان کے خلاف جو ریفرنسز ہیں، ان میں ان کے بچنے کی کوئی صورت نہیں ہے اسی وجہ سے انہوں نے ایسے بیانات دیے، ان کو ایسا لگا ہو گا کہ جانے سے پہلے وہ یہ دو کام کرسکتے ہیں، ایک یہ کہ پانی اس قدر گدلا کر جائیں کہ اس میں کچھ نظر نہ آئے اور دوسرا یہ کہ ایسی باتوں سے عوام کی سوچ پر اثر انداز ہوا جائے تاکہ ایک خاص پارٹی کو فائدہ پہنچایا جا سکے جس کے حق میں انہوں نے یہ ساری کہانی بیان کی ہے۔
جنرل (ر) امجد شعیب نے کہا کہ جسٹس شوکت عزیز نے ایک گھناؤنی حرکت کی ہے، انہوں نے کہا کہ باہر سے پاکستان کے خلاف جو سازشیں کی جا رہی ہیں، جسٹس شوکت عزیز ان سازشوں سے بھی زیادہ خطرناک ہیں کیونکہ یہ ملک کے اندر رہتے ہیں۔ جنرل (ر) امجد شعیب نے کہا کہ اگر کوئی شخص جسٹس شوکت عزیز کے پاس آیا تھا اور کہا تھا کہ ہم آپ کو چیف جسٹس بنوا دیں گے، اگر کسی شخص نے ان کے پاس آ کر کہا تھا کہ فیصلہ ایسے نہیں، ایسے کرنا ہے، اور اگر جسٹس شوکت عزیز اتنے ہی پارسا اور حاجی تھے تو ان کا کام تھا کہ اس شخص کو عدالت میں بُلوا کر توہین عدالت کا چارج لگاتے، اگر وہ شخص اپنا دفاع نہ کر پاتا تو اس کو سزا دیتے۔


