الیکشن کون سی پارٹی جیتے گی؟ بین الاقوامی ادارے کا تازہ سروے

بی ایم اے کیپیٹل نے خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کی تعداد کو بھی مدنظر رکھتے ہوئے یہ پیش گوئی کی ہے۔ خواتین اور اقلیتوں کی نشستوں کی تعداد بالترتیب 60اور 10ہے۔بی ایم اے کیپیٹل کے مطابق انتخابات کے بعد منقسم مینڈیٹ کے پیش نظر چھوٹی سیاسی جماعتیں اور آزاد امیدواربہت اہمیت کے حامل ہوں گے۔پنجاب میں مسلم لیگ ن دوبارہ حکومت بنائے گی اورممکنہ طور پر وفاق میں پی ٹی آئی حکومت بنائے گی۔ اس صورت میں آئندہ دورِ حکومت بھی شدید سیاسی ہنگامہ خیزی کا دور ہو گا۔تاہم تمام اداروں کے سروے میں ایسے ووٹروں کی تعداد 20فیصد تک ہے جو ابھی تذبذب کا شکار ہیں کہ کس کو ووٹ دیں۔ ووٹروں کی یہ تعداد بہت زیادہ ہے اور انتخابی نتائج پر اثرانداز ہو کر انہیں مختلف بنا سکتی ہے۔
بی ایم اے کیپیٹل کے مطابق عام انتخابات سے چند ہفتے قبل مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت کو احتساب عدالت سے سزا ہونا مسلم لیگ ن کے لیے بڑا جھٹکا ثابت ہوا ہے اور پی ٹی آئی کو انتخابی مہم میں اس سے بہت زیادہ فائدہ پہنچا ہے۔ تاہم میاں نواز شریف کے ملک واپس آنے اور جیل جانے کے فیصلے سے عدالتی فیصلے کے اثرات کسی حد تک دھندلاگئے ہیں۔


