آپ این اے 62 سے بھی الیکشن لڑ رہے ہیں، آپ کا پتہ چل جائے گا: چیف جسٹس ثاقب نثار کی شیخ رشید کو چتاؤنی
سپریم کورٹ نے این اے 60 میں الیکشن کروانے سے متعلق شیخ رشید کی درخواست مسترد کردی جس کے بعد کل این اے 60 میں الیکشن نہیں ہوں گے۔ نجی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس نے شیخ رشید کی درخواست کی سماعت کی۔ مختصر سماعت کے بعد چیف جسٹس نے این اے 60 میں انتخاب کے بارے میں شیخ رشید کی درخواست مسترد کر دی۔ واضح رہے کہ شیخ رشید نے اس سے پہلے ہائیکورٹ میں بھی اپیل کی تھی لیکن ان کی یہ درخواست مسترد کر دی گئی تھی۔ الیکشن کمیشن نے اس حلقے میں الیکشن حنیف عباسی کے گرفتار ہونے کے بعد ہی ملتوی کر دئیے تھے۔
اس موقع پر سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اہم قانونی نقطے کی تشریح کے لیے کیس کی سماعت کی. واک اوور پر جانے کی بجائے الیکشن لڑیں اپنے لیے نہیں، ووٹرز کے لیے الیکشن لڑیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید دوسرے حلقے ( این اے 62) میں بھی الیکشن لڑ رہے ہیں۔ ان کا پتہ چل جائے گا۔


