راولپنڈی والوں نے چکری کے فرزند چوہدری نثار علی خان کی لاج رکھ لی


عام انتخابات 2018 سے قبل سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا سیاسی  جاہ و جلال دیکھنے سے تعلق رکھتا تھا۔ حیران کن طور ہر جولائی 2017 کے بعد سے کسی سرکاری عہدے پر فائز نہ ہونے کے باوجود ان کی گھنٹوں طویل پریس کانفرنسیں مختلف ٹیلی ویژن چینلز پر براہ راست نشر کی جاتی تھیں۔ ان کے بیانات سے سیاسی فضا کا درجہ حرارت بدل جاتا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کا مقابلہ کسی عام وزیر یا ایم این اے نہ کیا جائے۔ انہوں نے مسلم لیگ کا ٹکٹ لینے کے لئے درخواست دینے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے واضح اعلان کیا کہ وہ الیکشن میں کسی جماعت کے ٹکٹ کے محتاج نہیں ہیں۔ 13 جولائی کو نواز شریف سزا کاٹنے کے لئے لاہور پہنچے تو چوہدری نثار علی نے بیان دیا کہ اگر ان کی صحت اجازت دیتی تو بھی وہ نواز شریف کا استقبال کرنے نہ جاتے۔ مسلم لیگ کے بعض مرکزی رہنماؤں کو چوہدری نثار علی ملازم، ارسطو اور خوشامدی وغیرہ کے خطابات دیتے تھے۔

اسلام آباد کے حلقوں میں یہ تاثر عام تھا کہ عمران خان اپنے ہی امیدوار غلام سرور خان کے مقابلے میں چوہدری نثار علی کی کامیابی کے خواہاں ہیں۔ شہباز شریف کی چوہدری نثار علی سے قربت اور ہم آہنگی کوئی راز نہیں ہے۔ 2014 کی ابتدائی مہینوں سے لے کر اکتوبر 2016 میں ڈان لیکس اور اس کے بعد پانامہ مقدمے کے دوران چوہدری نثار علی نے اپنی ہی حکومت اور مسلم لیگ (ن) کی بنیادیں ہلانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ چوہدری نثار علی دوٹوک لفظوں میں نواز شریف کے بیانیے کی مخالفت کرتے رہے۔

25 جولائی کی صبح تک عام خیال تھا کہ جیپ کے حساس انتخابی نشان پر سوار چوہدری نثار علی خان قومی اور صوبائی اسمبلی کے چاروں حلقوں میں کامیابی حاصل کر کے نئے سیاسی منظر نامے میں ایک اہم کردار کے طور پر ابھریں گے۔ تاہم چوہدری نثار علی بدقسمتی سے این اے 59 اور این اے 63 سے کامیاب نہ ہو سکے بلکہ صوبائی اسمبلی کی ایک نشست بھی ہار گئے۔ ان کے مقابلے میں کوئی بڑا وزیر یا سیاسی رہنما نہیں بلکہ قومی اسمبلی کا ایک عام سابق رکن غلام سرور خان انتخاب لڑ رہا تھا۔ اس کے باوجود چوہدری نثار علی صرف 24000 ہزار ووٹوں کے فرق سے انتخاب ہار گئے۔ این اے 59 میں نتائج کچھ اس طرح رہے۔

NA-59) Rawalpindi 3(

Ghulam Sarwar Khan                 89055    PTI

Chaudhry Nisar Ali Khan            66369    IND

Raja Qamar Ul Islam                   21754    PML-N

راولپنڈی کی ایک دوسری نشست این اے 63 میں بھی چوہدری نثار علی کی جیپ کے چاروں ٹائر پنکچر ہو گئے۔ چوہدری نثار علی صرف 35 ہزار ووٹ کے فرق سے انتخاب ہار گئے۔ نتائج کچھ اس طرح رہے

NA-63) Rawalpindi 7(

Ghulam Sarwar Khan            100986  PTI

Chaudhry Nisar Ali Khan       65767    IND

Mumtaz Khan                        22966    PML-N

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ انتہائی سخت حالات میں چوہدری نثار علی خان کا دونوں نشستوں سے اتنی بڑی تعداد میں ووٹ لینا ان کی مقبولیت، ہردلعزیزی اور سیاسی بصیرت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔