میاں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی ضمانت پر رہائی کا امکان
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے اپنی تعطیلات منسوخ کر دی ہیں تاکہ وہ سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی مختلف اپیلوں کی سماعت کر سکیں۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس محسن اختر کیانی اس دو رکنی بنچ کا حصہ تھے جس نے 17 جولائی کو نواز شریف اور ان کے رفقا کی اپیلوں کی سماعت کر کے جولائی کے آخری ہفتے تک سماعت ملتوی کر دی تھی۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو طویل مدتی قید اور جرمانے کی سزائیں سنائی تھیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس محسن اختر کیانی نے سزاؤں کی معطلی اور متعلقہ امور پر درخواستوں کی ابتدائی سماعت کے بعد مزید کارروائی جولائی کے آخری ہفتے تک ملوتی کر دی تھی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے نوٹیفیکیشن کے مطابق جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب 20 جولائی سے 3 اگست تک موسم گرما کی تعطیلات پر تھے۔ اس کا عملی طور پر مطلب یہ تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں صرف جسٹس شوکت عزیز صدیقی اور جسٹس عامر فاروق دستیاب تھے۔ تاہم سات جولائی سے 3 اگست تک کے روسٹر میں ڈویژن بنچ میں صرف جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس عامر فاروق کو شامل کیا گیا تھا۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی کو دستیابی کے باوجود ڈویژن بنچ میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے نوٹیفیکیشن کے مطابق ڈویژن بنچ پیر سے جمعرات تک کام کرے گا۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے 21 جولائی کو راولپنڈی بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں آئی ایس آئی کے مطالبے پر ڈویژن بنچ سے باہر رکھا گیا ہے۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی واپسی کے بعد امید پیدا ہو گئی ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی اپیلوں کی سماعت کے بعد انہیں ضمانت مل سکے گی۔


