کتے کو پی ٹی آئی کے پرچم میں لپیٹ کر گولی مارنے والے ملزمان کا تعلق کس جماعت سے تھا؟


علاقہ جانی خیل میں مخالف امیدوار کے حامیوں نے شکست کے بعد غصہ معصوم بے زبان جانور پر نکال دیا  فوٹو:سوشل میڈیا

علاقہ جانی خیل میں مخالف امیدوار کے حامیوں نے شکست کے بعد غصہ معصوم بے زبان جانور پر نکال دیا

جانی خیل میں معصوم و بے زبان جانور کو تحریک انصاف کا جھنڈا پہنا کر فائرنگ کرکے ہلاک کرنے والے ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا۔

گزشتہ روز سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں چند افراد نے بے زبان کتےکے ساتھ انسانیت سوز سلوک کرتے ہوئے اسے  تحریک انصاف کا جھنڈا پہناکر فائرنگ کرکے جان سے ماردیاتھا۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے سخت ردعمل سامنےآیاتھا۔

واقعے کی وڈیو منظرعام پر آئی تو ڈپٹی کمشنر اور پولیس حکام حرکت میں آگئے اور دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر بنوں کا کہنا ہے کہ انسان اور بے زبان مخلوق پر ظلم ہمارے لیے ایک ہے،  ان ملزمان کو بے زبان جانور کے ساتھ انسانیت سوز سلوک کرنے پر سزا دی جائے گی۔

یہ واقعہ قومی وطن پارٹی کے امیدوار کے حلقے میں پیش آیا تھا۔ قومی وطن پارٹی کے امیدوار کا کہنا ہے کہ یہ ہمارے خلاف پروپیگنڈہ ہے جس کے بعد امیدوار عدنان وزیر نے ملزمان کو پولیس کے حوالے کر دیا۔

پاکستان تحریک انصاف نے کتے کو فائرنگ کرکے ہلاک کرنے کے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے، جب کہ خیبرپختونخوا پولیس نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے زبان جانور پر تشدد کرکے مارنا اور اس افسوسناک واقعے کی ویڈیو بنانا انتہائی ناقابل برداشت جرم ہے۔ بنوں پولیس نے 12 گھنٹوں کے اندر کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتارکرلیا ہے۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے سوشل میڈیا صارفین کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ انہوں نےاس واقعے پر سوشل میڈیا پر آواز اٹھائی جس کے باعث ملزمان کی گرفتاری عمل میں آسکی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پنجاب میں گدھے پر سابق وزیر اعظم کا نام لکھ کر تشدد کیاگیا تھا اس تشدد کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد سماجی کارکنان نے آگے آکر گدھے کی دیکھ بھال کا ذمہ اٹھایا تھا تاہم گدھا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے مرگیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).