نوازشریف کے بائیں بازو اور سینے میں تکلیف: پمز اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ
نگراں حکومت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو خرابی طبیعت کے باعث اڈیالہ جیل سے پمز اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایون فیلڈ ریفرنس میں جیل جانے والے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بائیں بازو اور سینے میں تکلیف سامنے آئی ہے۔
اڈیالہ جیل کے ذرائع کے مطابق جیل اسپتال کے ڈاکٹروں نے نواز شریف کے بائیں بازو اور سینے میں تکلیف کی شکایت کے بعد ان کا معائنہ کیا ۔
اڈیالہ جیل اسپتال کےڈاکٹر نے نوازشریف کو فوری سی سی یو منتقل کرنے کا مشورہ دے دیا۔ آئی جی جیل خانہ جات نے اس سلسلے میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نسیم نواز سے رابطہ کیا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نسیم نوازنے نگراں وزیراعلیٰ کو رپورٹ ارسال کردی۔
اس سے قبل بھی پمز کے ڈاکٹروں کی چار رکنی ٹیم نے ہفتہ کو اڈیالہ جیل میں نوازشریف کا چیک اپ کیا تھا۔ جیل ذرائع کے مطابق پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ڈاکٹرمشہود، ڈاکٹرذوالفقارغوری، ڈاکٹرملک نعیم اور ڈاکٹراعجازاختراور ایک سٹاف نرس پرمشتمل ٹیم نے ہفتہ کو سینٹرل جیل اڈیالہ میں میاں نوازشریف کاطبی معائنہ کیا تھا اورتقریباً سوا گھنٹے تک جاری رہنے والے چیک اپ کے دوران ڈاکٹروں نے سابق وزیراعظم کی ای سی جی کی، ان کی شوگرچیک کی اوربعض دیگر ٹیسٹ کیے۔


