سیاسی چھاتہ بردار تحریک لبیک کی وجہ سے (ن) لیگ 13 اور تحریک انصاف چھ نشستیں ہار گئی
تحریک لبیک کے ووٹوں سے (ن)لیگ 13 اور پی ٹی آئی 6 نشستیں ہار گیں. بڑی تعداد میں ووٹ لے کر مذہبی جماعت تحریک لبیک ملک بھر میں پانچویں بڑی جماعت کے طور پر ابھری ہے۔تفصیلات کے مطابق اگرچہ سخت موقف رکھنے والی مذہبی جماعت تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی )نئی قومی اسمبلی میں کوئی سیٹ نہیں جیت سکی ۔یہ 2018 کے الیکشن میں سب سے زیادہ نقصان پہنچانے والی پارٹی سمجھی گئی ہے اور اس سے پاکستان مسلم لیگ (ن)کو نقصان ہوا ہے جوکہ تحریک لبیک پاکستان کی عدم موجودگی میں 13 مزید سیٹیں جیت سکتی تھی ۔دی نیوز کی جانب سے الیکشن ڈیٹا کے تجزیے کے مطابق قومی اسمبلی کے 19 حلقوں میں جیتنے کا مارجن تحریک لبیک کے ووٹوں کی نسبت کم تھا۔ نئے بننے والی پارٹی نے 2013 جیسا الیکشن نہیں لڑا تھا۔ 19 نشستوں پر نتائج مختلف تھے ۔22 لاکھ ووٹوں کے ساتھ تحریک لبیک ملک بھر میں اتنی زیادہ تعداد میں ووٹ لے کر پانچویں بڑی جماعت کے طور پر ابھر ی ہے ۔پارٹی کی قیادت سیاسی چھاتہ بردار مولوی خادم حسین رضوی کررہے ہیں اور پنجاب میں یہ تیسری بڑی پارٹی بن گئی ہے ۔
الیکشن سے قبل تحریک لبیک پاکستان کوپاکستان مسلم لیگ (ن) کیلئے بڑا خطرہ قرار دیا گیا تھا جو کہ خود دائیں بازو کی جماعت ہے اور اس کا مضبوط مذہبی وو ٹ بینک ہے ۔یہ خطرہ درست ثابت ہوا اور پنجاب صوبے میں اس سے مسلم لیگ (ن)کو دھچکا لگا۔سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سمیت 13 قومی اسمبلی نشستوں پر پاکستان مسلم لیگ (ن)انتہائی کم مارجن سے ہار گئی ۔ٹی ایل پی اور خادم رضوی نے الیکشن مہم کے دوران نامزدگی فارم میں تبدیلی کے معاملے کو اٹھاتے ہوئے مسلم لیگ (ن)کی سابق حکومت کو نشانہ بنایا تھا۔ٹی ایل پی کا کہنا تھا کہ یہ تبدیلی امیدوار کے حلف پر ختم نبوت سے متعلق تھی۔ پارٹی نے اسلام آباد میں اس اقدام کیخلاف لاک ڈائون کیا تھا ۔اس لاک ڈائون کا اختتام پا ک آرمی کی مداخلت اور (ن)لیگی وزیر قانون زاہد حامد کے استعفے پر ہوا تھا۔
تجزیے سے معلوم ہوا ہے کہ اگر تحریک لبیک ووٹرز بھی (ن)لیگ کو ہی ووٹ دیتے تو قومی اسمبلی کی 13 مزید نشستیں مل جاتیں۔جبکہ پی ٹی آئی بھی معمولی مارجن سے ٹی ایل پی کو حاصل ووٹوں کے ساتھ قومی اسمبلی کی چھ نشستیں ہار گئی ہے۔ وہ حلقے کہ جہاں ٹی ایل پی کا پوٹینشل تھا ان میں این اے 13، این اے 66، این اے 67، این اے 68، این اے 102، این اے 110، این اے 118، این اے 119، این اے 131، این اے 84 اور این اے 102 شامل ہیں ۔وہ حلقے جہاں پی ٹی آئی معمولی مارجن سے نشستوں سے محروم ہوئی ان میں این اے 106،این اے 71،این اے 73،این اے 74،این اے 117اور این اے 100 شامل ہیں ۔


