چوہدری برادران اور عمران خان کی ملاقات کی اندرونی کہانی


چوہدری برادران پر مشتمل مسلم لیگ ق کے وفدکی تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق چوہدری برادران اور عمران خان کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کوئی ڈیمانڈ نہیں کی گئی بلکہ ق لیگ کے وفد نے انہیں انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دی ۔

ذرائع کے مطابق چوہدری برادران نے عمران خان کو غیر مشروط حمایت کی یقین دہانی کرائی اور ق لیگ کو وزارتیں دینے کا معاملہ پی ٹی آئی سربراہ کی صوابدید پر چھوڑ دیا ہے۔ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ملکی مفاد میں ق لیگ نے عمران خان کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے ،ملکی حالات تقاضا کرتے ہیں کہ پی ٹی آئی سربراہ کا ساتھ دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے مستقبل کیلئے عمران خان کے منشور سے متفق ہیں، عمران خان نے بھی مسلم لیگ ق کے وفد کے اراکین کا خیر مقدم کیا اور حمایت پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، اسد عمر، نعیم الحق ودیگر موجود تھے۔ عمران خان سے چوہدری شجاعت کی سربراہی میں مسلم لیگ ق کے وفد نے ملاقات کی، جس کے بعدق لیگ کا وفد میڈیا سے گفتگو کے بغیر روانہ ہوگیا ۔