عمران خان کو یہودی ایجنٹ کہہ کر لعنت بھیجنے والا آزاد امیدوار الیکشن جیت کر پی ٹی آئی میں شامل


مانسہرہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 13 سے انتخاب جیتنے والے آزاد امیدوار الحاج صالح محمد خان بھی تحریک انصاف میں شامل ہوگئے ہیں اور عمران خا ن سے ملاقات کرکے تبدیلی کا نشان اپنے گلے میں ڈلوا لیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ الحاج صالح محمد خان الیکشن سے چند روز قبل اپنی تقریروں میں عمران خان کو یہودی ایجنٹ قرار دے کر ان پر لعنت بھیج رہے تھے ۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو میں صالح محمد خان کو ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کے دوران عمران خان کو یہودی ایجنٹ قرار دیتے اور پھر ان پر لعنت بھیجتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اپنے خطا ب میں موصوف فرماتے ہیں کہ چند روز قبل عمران خان نے یہاں جلسہ کیا جس میں ں پہلے خواتین سے ڈانس کروایا گیا اور پھر عمران خان نے مائیک پکڑ کر اللہ کی مدد حاصل کرنے کیلئے آیت پڑھی۔ کیا ایسے شخص پر جو پہلے عورتوں سے ڈانس کروا کے پھر اللہ سے مدد مانگتا ہے لعنت نہیں بھیجتی چاہئے؟ تقریر جاری رکھتے ہوئے الحاج صالح محمد خان نے کہا کہ عمران خان یہودی ایجنٹ ہے جس نے لندن میں ہمارے مسلمان میئر صادق خان کے مقابلے اپنی سابقہ اہلیہ جمائما کے بھائی کو سپورٹ کیا۔ ایک یہودی کو سپورٹ کرنے والا یہودی ایجنٹ نہیں تو اور کیا ہے؟ تاہم اب آزاد میدوار کی حیثیت سے انتخاب میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد صالح محمد خان نے اپنے سابقہ موقف سے رجوع کر کے عمران خان کی اطاعت کا مفلر اپنے گلے میں ڈال لیا ہے۔