168 ارکان کے باوجود عمران خان کی وزارت عظمٰی آئینی بحران میں


پی ٹی آئی کا دعویٰ ہے کہ وہ 168 ارکان کی عددی قوت کے ساتھ عمران خان کی حکومت تشکیل دینے کیلئے تیار ہے اور اگر ایسا ہوا تو یہ پاکستان کی تاریخ کا منفرد معاملہ ہوگا جسے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا جا سکتا ہے۔ 342 ارکان کے ایوان میں 172 ارکان قومی اسمبلی سادہ اکثریت قائم کرتے ہیں لیکن پی ٹی آئی اس کی تشریح یوں کرتی ہے کہ سادہ اکثریت قومی اسمبلی میں حلف لینے والے ارکان کی مجموعی تعداد کو کہا جاتا ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے پیر کو اکثریت حاصل کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے اُن لوگوں کو ’’مجموعی رکنیت‘‘ کے معاملے سے علیحدہ رکھا جہاں الیکشن ہوئے ہی نہیں یا پھر کسی رکن نے قومی کی ایک سے زیادہ نشستیں جیتی ہیں یا پھر اس نے قومی اسمبلی کی بجائے صوبائی اسمبلی جوائن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے پاس قومی اسمبلی میں 168 اور صوبائی اسمبلی میں 180 ارکان ہیں اور وہ مرکز اور پنجاب کی حکومت تشکیل دے سکتی ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنما نے اس بات کی نشاندہی کی کہ قومی اسمبلی کی دو نشستوں پر الیکشن نہیں ہوئے، 10 ارکان قومی اسمبلی ایسے ہیں جنہوں نے ایک سے زیادہ نشستوں پر کامیابی حاصل کی لیکن ایک کے سوا باقی چھوڑ دیں، اور اس طرح 342 ارکان کی قومی اسمبلی میں صرف 328 سے 330 ارکان باقی رہ جائیں گے۔ ان کی تشریح کی بنیاد پر دیکھا جائے تو مجموعی رکنیت 328 یا 330 ہے۔ فواد چوہدری کا دعویٰ تھا کہ قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پاس 168 ارکان کی ’’اکثریت‘‘ موجود ہے۔

پی ٹی آئی نے جو تجویز دی ہے وہ منفرد ہے اور پاکستان کی تاریخ میں ا یسا کبھی نہیں ہوا۔ ماہرینِ قانون کے پاس اپنی تشریحات ہیں لیکن پی ٹی آئی کی جانب سے 172؍ ارکان سے کم کی حمایت کے ساتھ حکومت تشکیل دیے جانے کی صورت میں یہ معاملہ تشریح کیلئے سپریم کورٹ لے جایا جا سکتا ہے۔ سابق چیف جسٹس (ر) افتخار محمد چوہدری نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ جو پارٹی دعویٰ کرتے ہے کہ اس کے پاس اکثریت ہے اسے حکومت تشکیل دینے کیلئے کم از کم 172 ووٹوں کی ضرورت ہوگی۔ آئین کے آرٹیکل 91 کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم منتخب کرنے کیلئے انہیں 172 ارکان کی ضرورت پیش آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر اکثریت کا دعویٰ کرنے والا امیدوار سادہ اکثریت ثابت کرنے میں ناکام ہو جاتا ہے تو وزیراعظم کے عہدے کیلئے دوسرے امیدوار سے کہا جائے گا کہ وہ اپنی اکثریت دوسرے رائونڈ میں ثابت کریں۔ چوہدری نے کہا کہ اگر دوسرے امیدوار کو بھی مطلوبہ ووٹ نہیں ملتے تو تیسرا راؤنڈ ہوگا جس میں موجود اور ووٹ دینے والے ارکان کی اکثریت کی بنیاد پر فیصلہ ہوگا کہ قائدِ ایوان کون ہو گا۔

سابق وزیر قانون زاہد حامد نے بھی اتفاق کیا کہ جس صورتحال کا سامنا ہے وہ منفرد ہے اور اس لئے مختلف انداز سے تشریح کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 91 کے تحت قومی اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب کے دن، پہلے رائونڈ میں مقابلہ لڑنے والے امیدواروں ایوان کی مجموعی رکنیت کی سادہ اکثریت حاصل کرنا ہوتی ہے جو 172 ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کی تشریح سے اتفاق نہیں کیا۔ زاہد حامد نے کہا کہ آرٹیکل 91 کے تحت مجموعی رکنیت 342 ہے چاہے ایوان میں کچھ نشستیں کسی بھی وجہ سے خالی کیوں نہ ہوں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کے پارلیمانی مباحثوں میں بھی قومی اسمبلی کی مجموعی رکنیت ہمیشہ 342؍ ہی رہے گی۔

تاہم، ایک اور ماہر قانون اور سابق چیئرمین سینیٹ وسیم سجاد نے پی ٹی آئی کے نقطہ نظر سے اتفاق کیا کہ ’’مجموعی رکنیت‘‘ کا مطلب ایوان میں موجود منتخب ارکان کی مجموعی تعداد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میری تشریح کے مطابق ’’مجموعی رکنیت‘‘ میں خالی نشستیں شامل نہیں۔ وزیراعظم کا انتخاب آئین کے آرٹیکل (4) 91 کے تحت ہوتا ہے، اس میں لکھا ہے کہ ’’وزیراعظم قومی اسمبلی کے کل اراکین کی تعداد کی اکثریت رائے دہی کے ذریعے نامزد کیا جائے گا مگر شرط یہ ہے کہ اگر کوئی رکن پہلی رائے شماری میں مذکورہ اکثریت حاصل نہ کر سکے تو پہلی رائے شماری میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے پہلے دو اراکین کے درمیان میں دوسری رائے شماری کا انعقاد کیا جائے گا اور وہ رکن جو موجودہ اراکین کی اکثریت رائے دہی حاصل کر لیتا ہے اس کا منتخب وزیراعظم کے طور پر اعلان کیا جائے گا، مزید شرط یہ ہے کہ اگر دو یا اس سے زائد اراکین کی جانب سے حاصل کردہ ووٹ کی تعداد مساوی ہو جائے تو، ان کے درمیان مزید رائے شماری کا انعقاد کیا جائے گا تاوقتیکہ ان میں سے کوئی ایک سب سے زیادہ حق رائے دہی حاصل نہ کر لے۔‘‘ ا

آرٹیکل (4) 91 میں واضح طور پر مجموعی رکنیت کی اکثریت کا ذکر کیا گیا ہے۔ تاہم، اس کی شقوں سے معلوم ہوتا ہے کہ اگر کسی امیدور کو سادہ اکثریت نہ ملے تو کیا کیا جا سکتا ہے۔ یہ شقیں بظاہر ایسی صورتحال کا حوالہ دیتی ہیں جن میں دو سے زیادہ امیدور وزیراعظم کے عہدے کیلئے الیکشن لڑ رہے ہوں اور کسی کو بھی 172؍ کی واضح اکثریت نہیں ملتی۔ تاہم، زیادہ تر ماہرین قانون کی تشریح یہ ہے کہ ان شقوں کا اطلاق اس وقت ہوگا جب امیدوار دو ہوں اور کسی کو واضح اکثریت نہ ملے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ آرٹیکل 91 کی تمام تشریحات پہلی مرتبہ پیش کی جا رہی ہیں کیوکنہ پی ٹی آئی نے 168 ارکان کی اکثریت کا دعویٰ کیا ہے۔ آرٹیکل 94 ’’وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کے ووٹ‘‘ کے متعلق ہے جو اس وقت کامیاب تصور کیا جائے گا جب قومی اسمبلی کی مجموعی رکنیت کی اکثریت اس کی حمایت کرے۔ یہاں بھی اکثریت کا مطلب 172 ووٹ ہے۔

(بشکریہ روز نامہ جنگ)