ٹیرن وائٹ کیس: جسٹس شوکت صدیقی کو ہٹا کر اسلام آباد ہائیکورٹ کے نئے تشکیل شدہ بنچ نے سماعت سے معذرت کر لی
ٹیرن وائٹ کیس میں عمران خان کی نااہلی کی درخواست کی سماعت کے لئے تشکیل دیے گئے اسلام آباد ہائیکورٹ کے نئے بنچ نے سماعت سے معذرت کر لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان کی نا اہلی کیس میں جسٹس شوکت عزیزصدیقی کو ہٹا کر جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی نیا بنچ تشکیل دیا گیا تھا جس نے آج عمران خان کی نااہلی سے متعلق جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر سماعت سے معذرت کر لی ہے۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی جماعت جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما کی جانب سےاسلام آباد ہائیکورٹ میں آئین کے آرٹیکل 62 کے تحت عمران خان کی نا اہلی کی درخواست دائر کی گئی تھی جس میں درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ایک بیٹی ٹیرن وائٹ بھی ہے جس سے متعلق عمران خان نے اپنے انتخابی گوشواروں میں کوئی ذکر نہیں کیا لہٰذا جھوٹ بولنے پر ان کو آئین کے آرٹیکل 62 کے تحت نا اہل قرار دیا جائے۔ اس درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل بنچ نے سماعت کرتے ہوئے عمران خان سے جواب طلب کیا تھا۔ تاہم بعد ازاں عمران خان کی نا اہلی کیس کا یہ بنچ تبدیل کر دیا گیا تھا اور جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی جگہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو بنچ کا حصہ بنایا گیا تھا جس نے آج یکم اگست کو جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کی درخواست پر سماعت کرنا تھی۔ تاہم نئے بنچ نے اس درخواست کی سماعت سے معذرت کر لی ہے۔


