’میرے شوہر کو قتل کردو تو ہمیشہ کے لئے تمہاری ہوجاؤں گی‘

خواہشات کے پیچھے بھاگنا انسان کی فطرت ہے لیکن کچھ لوگ تو اپنی خواہشات کے ایسے اسیر ہو جاتے ہیں کہ خود کو بھی برباد کر لیتے ہیں اور کئی دوسروں کی بربادی کا بھی سبب بن جاتے ہیں۔ بھارتی شہر احمد آباد میں پیش آنے والے اس دلخراش واقعے کو دیکھ لیجئے جہاں ایک شادی شدہ خاتون نے خاوند سے نجات حاصل کرنے کے لئے اپنے آشنا کے ہاتھوں اس کا قتل کروا ڈالا۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ہریش پانچل نامی 40 سالہ شخص اپنی اہلیہ کی کزن شلپا پانچل کے عشق میں مبتلاءتھا اور ان کے درمیان ایک عرصے سے خفیہ ملاقاتیں ہو رہی تھیں۔ شلپا اپنے شوہر دلیپ سے خوش نہیں تھی اور اس سے نجات چاہتی تھی۔ اس نے اپنی ناجائز خواہشات کی تکمیل کے لئے ہریش کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا، جو اس کے عشق میں دیوانہ ہو رہا تھا۔ شلپا نے اسے پیشکش کی کہ اگروہ دلیپ کو قتل کر دے تو وہ ہمیشہ کے لئے اس کی ہو جائے گی، اور ہریش نے بھی اس سفاکانہ کام کے لئے حامی بھر لی۔
ہریش کئی روز سے دلیپ کے قتل کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ بدھ کی شام اس نے فون کر کے اسے ایک ویران مقام پر بلایا اور پھر خنجر کے متعدد وار کر کے اسے قتل کر ڈالا۔ درندہ صفت ہریش نے دلیپ کو قتل کرنے کے بعد اس کا سر تن سے جدا کر ڈالا اور پھر خنجر قریبی نہر میں پھینک کر اپنے گھر چلا گیا۔
اگلے روز دلیپ کی لاش ملی تو پولیس نے کیس کی تفتیش شروع کی اور قریبی علاقے کی سی سی ٹی ویڈیو اکٹھی کرنے کے بعد سراغ لگا لیا کہ اس بھیانک قتل میں ہریش ملوث ہے۔ پولیس کا کہناہے کہ ہریش کو حراست میں لے کر پولیس سٹیشن لیجایا گیا تو وہ خود ہی پھوٹ پھوٹ کر رونے لگا اور اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ۔اس نے بتایا کہ اپنی اہلیہ کی کزن شلپا کے اکسانے پر اس کے شوہر کو قتل کیا، جس پر پولیس نے شلپا کو بھی حراست میں لے لیا ہے اور دونوں کے خلاف قانونی کاروائی جاری ہے۔

