پاکستان کی پندرہویں قومی اسمبلی کے نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا


نو منتخب ارکان قومی اسمبلی نے حلف اٹھا لیا، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نو منتخب ارکان سے حلف لیا۔ اس سے قبل پندرہویں قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس کے لیے نومنتخب ارکان پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری بھی قومی اسمبلی پہنچے۔

محترمہ بینظیر بھٹو شہید اور آصف علی زرداری کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری جو پہلی مرتبہ الیکشن جیت کر قومی اسمبلی پہنچے ہیں اور انہوں نے پہلا حلف اٹھایا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کی بہنیں بختاور اور آصفہ بھٹو مہمانوں کی گیلری میں موجود ہیں۔

اسمبلی ہال کے اندر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سے خوشگوار انداز میں مصافہ کیا اور دونوں نے ایک ساتھ تصویر بھی بنوائی، اجلاس میں شرکت کے لیے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف بھی قومی اسمبلی میں موجود ہیں۔

قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس کیلئے عمران خان، شہبازشریف، آصف علی زردری، بلاول بھٹو، خالد مقبول صدیقی سمیت نو منتخب ارکان نے ایوان میں نشستیں سنبھال لی ہیں۔

ایون میں سب سے پہلے قومی ترانہ بجایا گیا جس کے احترام میں تمام ممبران اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے، اس کے بعد تلاوت کلام پاک ہوئی اور پھر اسپیکر ایاز صادق نے ایوان میں کارروائی کا باقائدہ آغاز کیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور ملک کے متوقع وزیر اعظم عمران خان جیمر لگی گاڑی اور پروٹوکول میں بنی گالہ سے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے اور رجسٹریشن کا عمل مکمل کرایا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آج قومی اسمبلی کے اجلاس کے پیش نظر ریڈ زون سمیت ضلع بھر میں سیکیورٹی ریڈ الرٹ رکھی جائے گی، خصوصی پاس والے افراد ہی پارلیمنٹ میں داخل ہوسکیں گے۔ ریڈزون میں کسی بھی غیرمتعلقہ فرد کو داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ سیکیورٹی کے لئے پولیس کے ساتھ رینجرز اہل کار بھی ڈیوٹی دیں گے۔

واضح رہے کہ 15 اگست کو اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب ہوگا۔ جس کے بعد نئے وزیراعظم کے انتخاب کا مرحلہ آئے گا۔

Facebook Comments HS