عون چوہدری تقریب حلف برداری میں غیر حاضر: وزیراعظم ہاﺅس سے دور رہنے کی ہدایت؟


تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیراعظم کا حلف اٹھا لیا ہے تاہم اس موقع پر پی ٹی آئی کی ایک اہم ترین شخصیت عون چوہدری تقریب حلف برداری میں نظر نہیں آئے اور اب کہا جا رہا ہے کہ انہیں عمران خان نے مدعو ہی نہیں کیا ۔

ایک نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور نو منتخب وزیراعظم عمران خان نے اپنے انتہائی قریبی ساتھی اور پارٹی رہنما عون چوہدری کو حلف برداری کی تقریب میں مدعو نہیں کیا بلکہ انہیں فی الحال وزیراعظم ہاﺅس سے بھی دور رہنے کی ہدات کی ہے اور کہا ہے کہ وہ وزیراعظم ہاﺅس کے کسی قسم کے بھی معاملات میں مداخلت نہ کریں ۔

نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان پارٹی معاملات کے باعث عون چوہدری سے ناراض ہیں اور اسی لیے انہیں حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی دعوت بھی نہیں دی گئی ہے۔ تقریب حلف برداری مین عمران خان کے قریبی حلیف شیخ رشید بھی کہیں پس منظر ہی میں رہے۔ بہت سے افراد کا کہنا تھا کہ شیخ رشید تقریب میں آئے ہی نہیں تاہم کچھ ذرائع کے مطابق وہ تاخیر سے پہنچے اور کچھ دیر بعد خاموشی سے رخصت ہو گئے۔