پنجاب میں تبدیلی


نئے پاکستان کے نئے وزیراعظم کے لئے جناب خان صاحب نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لے لیا۔ اس دوران اپوزیشن میں بڑی جماعت مسلم لیگ کے شہباز شریف گروپ کے بجائے مریم بی بی کے ووٹ کو عزت دو گروپ نے خان صاحب کا قائد ایوان بننے کا مزہ کرکرا کر دیا اور اس کا اظہار ان کی بطور قائد ایوان پہلی تقریر میں نظر بھی آیا اور تقریر میں معاملے میں بہرحال بلاول بھٹو زرداری آج چھوٹے میاں صاحب اور خان صاحب سے بازی لے گئے۔

وزیراعظم منتخب ہونے کے تھوڑی دیر بعد سوشل میڈیا پر ان کا وہ ویڈیو بیان گردش کرنے لگا جس میں خان صاحب نے آخر کار پنجاب کے وزیر اعلیٰ کا اعلان کر دیا۔ سردار عثمان بُزدار کا نام سارا دن میڈیا پے بطور وزیر اعلیٰ کے مضبوط اُمیدوار کے چلتا رہا اور پھر خان صاحب نے اس پر تصدیق کی مہر لگا دی اور آج وہ پنجاب اسمبلی سے منتخب بھی ہو گئے ہیں۔

نئے وزیراعظم کے بقول بُزدار صاحب جنوبی پنجاب کے پسماندہ ضلع کے پسماندہ تحصیل تونسہ شریف سے ممبر صوبائی اسمبلی ہیں۔ سب سے بڑی خوبی جو وزیراعظم کی طرف سے اُن کی بیان کی گئی کہ بُزدار کے اپنے گھر میں بھی آج تک بجلی کی سہولت موجود نہیں۔ نامزد وزیر اعلیٰ کے والد محترم سردار فتح محمد بُزدار تین دفعہ پنجاب اسمبلی کے ممبر رہے ہیں۔ موصوف خود مشرف دور میں تحصیل ناظم رہے ہیں۔

موصوف کے خاندان نے ساری پارٹیوں جن میں پی پی ن لیگ مشرف گروپ ق لیگ جنوبی صوبہ محاذ سے ہوتے ہوئے الیکشن سے کُچھ دن پہلے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی اور الیکشن جیت گئے۔ جو بندہ کہ جس کے خاندان نے سب مشہور سیاسی پارٹیوں میں رہ کر اقتدار میں رہے ہوں۔ وہ اپنے گھر تک کو بجلی نہیں فراہم کر سکے وہ پنجاب جیسے گیارہ کروڑ سے بھی بڑے صوبے کہ جس کو چلانے کے لئے شہباز شریف اور پرویز الہی جیسے سیاسی گھاگ لوگوں کے مسائل حل نہ کرسکے۔

موصوف کہ جو اپنے گھر بجلی نہ لے کے آ سکے کیا پرفارمنس اور کیا تبدیلی لے آسکیں گے۔ کہ جس تبدیلی کا سُن سُن کے لوگوں کے کان پک گئے۔ اس کے علاوہ جو نامزد وزیر اعلیٰ پر زمینوں کی الاٹ منٹ دبے دبے الفاظ میں اسمگلنگ۔ کالعدم تنظیموں سے تعلقات اور اصل وزیر اعلیٰ جہانگیر ترین اور ڈمی (حیدر وائیں اور دوست کھوسہ) کے الزام ہیں ان پر کوئی سینئر صحافی اور تجزیہ کار روشنی ڈال سکتا ہے۔

پنجاب نے بالعموم اور جنوبی پنجاب اور ڈیرہ غازی خان نے بالخوصوص عمران خان کو ووٹ دے کر جو ان پر احسان کیا ہے۔ اس کا یہ بدلہ بُزدار صاحب کو نامزد کرکے دیا ہے اس کو ہمارے شہر ڈیرہ غازی خان کی سرائیکی میں جو جملہ بولا جاتا ہے۔ وہ میں یہاں لکھ کر خان صاحب کی آنے والی تبدیلی کو اور ان کے ووٹر کا دل نہیں دُکھانا چاہتا۔ بہرحال پنجاب میں تبدیلی آگئی ہےاور کہہ سکتے ہیں۔ خان صاحب ”پُرباش“


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).