اعتزاز احسن کی صدارت میں رکاوٹیں کون ڈال رہا ہے؟ شاہ محمود قریشی کا انکشاف


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن پیپلز پارٹی پر نامزد صدارتی امیدوار اعتزاز احسن کا نام واپس لینے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے۔ ملتان میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے اعتزاز احسن کا نام مشاورت کے بعد ہی صدارتی امیدوار کے لیے پیش کیا ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اعتزاز احسن کا سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کا کردار قابل ستائش ہے اور اعتزاز نظریاتی سیاست کے محافظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن پیپلز پارٹی پر اعتزاز کا نام واپس لینے کے لیے دباؤ ڈال رہی ہے، اگر اعتزاز احسن کا نام واپس لیا گیا تو نظریاتی سیاست کو دفن کرنا ہو گا۔

وزیر خارجہ نے پاکستان تحریک انصاف کے صدارتی امیدوار عارف علوی کے حوالے سے کہا کہ وہ متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے سیاست دان ہیں۔ جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کے حوالے سے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی 5 سال حکومت رہی، وہ چاہتے تو جنوبی پنجاب صوبہ بنا سکتے تھے لیکن شاید ان کے پاس دو تہائی اکثریت نہیں تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ قمر زمان کائرہ کا جنوبی پنجاب صوبے سے متعلق بیان بہت دانشمندانہ تھا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کو بھی جنوبی پنجاب صوبے کے معاملے پر سینیٹ اور قومی اسمبلی میں دوتہائی اکثریت چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں بھی جنوبی پنجاب صوبے کے معاملے پر اکثریت اور اتفاق رائے چاہیے۔ سیاسی جماعتوں سے جنوبی پنجاب صوبے کے لیے مشاورت پر تیار ہوں۔ امید ہے پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب صوبے پر پیش رفت میں معاونت کرے گی۔

امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عافیہ کی مشکلات اور ان کے خاندان کے کرب کا احساس ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ قانونی ضروریات کا خیال رکھنا پڑتا ہے۔ کوشش ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کو واپس لے آیا جائے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).