کیا وزیر اعظم عمران خان نے نماز عید ادا کی؟ نشاندہی کرنے پر خواجہ سعد رفیق سخت تنقید کی زد میں


پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے وزیر اعظم عمران خان کے نماز عید الاضحیٰ پڑھنے کے حوالے سے ٹویٹ کی ہے جس کے جواب میں پاکستان تحریک انصاف کے سوشل میڈیا پر متحرک رہنے والے کارکن خواجہ سعد رفیق پر سخت تنقید کر رہے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ’’ٹویٹر ‘‘ پر ٹویٹ کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ’’سیلیکٹڈ وزیر اعظم کی جاگنگ کرتے تصاویر جاری کی گئیں مگر نمازِ عید کی نہیں ۔۔ دکھایا جائے کہ نئے حکمران نے نمازِ عید کب اور کہاں ادا کی ؟ خواجہ سعد رفیق کا یہ ٹویٹ وائرل ہوتے ہی عمران خان کے حامی ان پر پل پڑے۔ بابا کوڈا نامی مشہور سوشل میڈیا صارف نے جوابی ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ریجیکٹڈ چنا انکل آپ آج عید کی نماز پہ بہت اچھے لگ رہے تھے آج تو آپ کو امامت کا بھی شرف حاصل ہوا خود ہی قربانی کر کے آپ نے پائے بھی بنائے اور پھر میاں صاحب کو بھجوائے بھی۔ سب ہی تصویریں اعلی تھیں‘‘۔

مدثر مجتبیٰ نامی ٹویٹر صارف نے خواجہ سعد رفیق سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ کو دعائے قنوت آتی ہے کیا؟ اللہ کو حاضر ناضر جان کر زبانی سناؤ اور اس کی ویڈیو جاری کرو… ہر شخص پر نماز فرض ہے اور انسان اپنے نمازوں کا خود جواب دہ ہے اللہ کو اور سبھی نمازوں کا حساب اللہ خود لے گا اور آپ کون ہوتے ہو کسی کی نماز کا حساب لینے والے…؟‘‘

خواجہ سعد رفیق اپنے اس ٹویٹ کے بعد ٹویٹر صارفین کے سخت جوابی حملوں سے اتنا زچ ہوئے کہ انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں تنقید کرنے والوں کو مخاطب کر کے کہا کہ ’’بھائی مجھے کوسنے سے کیا فائدہ۔۔ بہتر ھے کہ عمران کی نماز عید کی تصویر مع مقام اور وقت شائع ہو جاۓ — ہو سکتا ہے انھوں نے نماز عید ادا کی ہو۔‘‘

Facebook Comments HS