ورزش ۔۔۔۔۔۔۔۔ چند گزارشات
انسانی جسم کھانے کے بعد جس چیز کا تقاضا کرتا ہے وہ ہے ورزش یا کوئی بھی کام کہ جس میں جسم کے مختلف مسلز کا استعمال ہو
انسانی جسم اصل میں مسلز کا مجموعہ ہے جیسے کہ دل ایک عضو ہے مگر یہ عضو بذات خود بھی مسلز پر مشتمل ہے
اب ورزش کیوں ضروری ہے تو اس کا سادہ سا جواب یہ ہے کہ جسم کو مضبوط رہنے کے لیےکھانے سے حاصل شدہ توانائی کو استعمال کرنے کی ضرورت ہوتی ہے اور وہ صرف اسی صورت میں ممکن ہوتی ہے کہ جب آپ لگاتار ورزش کو معمول بنا لیں
ورزش کے چند عام فوائد:
ورزش کے چند فوائد جو کہ امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن اور دیگر میڈیکل اداروں نے بیان کیے ہیں پیش ہیں
ورزش کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ اس سے مسلز مضبوط ہوتے ہیں یہ جسم کے تمام بڑے اور چھوٹے مسلز کو مضبوط کرتی ہےجیسے اوپر بیان ہوا ہے کہ دل بھی مختلف مسلز پر مشتمل ہے تو یہ مسلز بھی تبھی مضبوط ہوں گے جب ورزش کو معمول بنایا جائے
ورزش دل کے لیے بہت مفید ہے روزانہ تیس منٹ تیز قدم سے پیدل چلنا دل کے لیے بہت فائدہ مند ہے
ورزش سے ذیابیطس کا خطرہ کم ہو جاتا ہے نیز اسے کنٹرول کرنے میں بھی بہت مفید ہے
بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں ورزش اہم کردار ادا کرتی ہے
اچھی نیند اور تناو میں کمی کے لیے ورزش ضروری ہے
یہ تو چند ایک فوائد ہیں جن سے بے شمار لوگ آگاہ ہیں اب مزید چند باتوں کی طرف چلتے ہیں
ورزش کی اقسام:
ورزش کی عام قسمیں دو ہیں
کارڈیو ورزشیں Cardio Exercises
یہ ورزشیں جسم کو چست، بیماریوں سے بچاو ، وزن کم کرنے کے لیے بہت مفید ہیں ان میں درج ذیل ورزشیں شامل ہیں
پیدل چلنا، دوڑنا، تیرنا، جمپ لگانا ، سائیکل چلانا وغیرہ
مضبوطی کی ورزشیں Strength Exercises
یہ ورزشیں جسم کے مسلز کے لیے مفید ہیں اور ان سے جسم کے مسلز بڑےاور مضبوط ہو کر اپنے افعال بہتر طور پر سرانجام دینے کے قابل ہوتے ہیں
ان میں وہ جم کی تما م ورزشیں شامل ہیں جو کہ مسلز کے لیے کی جاتی ہیں جن میں وزن اٹھایا جاتا ہے نیز عام فری سٹائل میں جیسے پش اپ، وائڈ آرم پش اپ وغیرہ شامل ہیں
ورزش کے چند اصول:
ورزش کے چند اہم اصول یہ ہیں
ورزش کے لیے وافر آکسیجن والی جگہ کا انتخاب کیجیے
ہمیشہ کھانے کے فورا پہلے یا بعد ورزش نہ کیجیے
ورزش سے پہلے ہمیشہ وارم اپ ضرور کیجیے کہ اس سے انجری کا خطرہ کم ہو جائے گا نیز جسم ورزش کے لیے تیار ہو پائے گا
ورزش کے دوران پانی کا استعمال کرتے رہنا چاہیے
مسلز کی مضبوطی کے لیے کی جانیوالی ورزش میں جلد ی کی بجائے درست طریقے سے کرنے پہ توجہ رکھیے، مسلز اسی وقت بنتے ہیں جب آپ ان کو درست طریقے سے استعمال کرتے ہیں ،
ایک عام اصول یہ ہے کہ وزن اٹھانے میں زور اور جلدی سے اٹھائیں مگر واپس رکھنے میں آرام اور آہستگی سے کام لیں
ہر سیٹ یا ورزش کے بعد آرام لازمی کریں
ورزش کےاختتام پر جسم کے اعضا ء کو کھینچنے کی مشق کریں
ان چند باتوں کا خیال رکھیے نیز اپنے موبائل کے پلے سٹور سے ورزش کی اچھی ایپس ڈاونلوڈ کر کے ان سے فائد اٹھائیے


