رکن اسمبلی قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین تحریک انصاف کے کارکنوں کی گالیوں سے زچ ہو گئے
پاکستان تحریک انصاف کے کراچی سے کامیاب ہونے والے رکن اسمبلی قومی اسمبلی اور معروف اینکر پرسن عامر لیاقت حسین کو سوشل میڈیا پر سخت تنقید بلکہ نہایت سنگین گالیوں سے واسطہ پڑ رہا ہے۔ جس پر انہوں نے عمران خان سے نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔ بالآخر پی ٹی آئی نے انہیں سوشل میڈیا پر گالیاں دینے والوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عامر لیاقت نے سوشل میڈیا پر پارلیمنٹ میں قرار داد لانے سے متعلق ٹویٹ کی تو ردعمل میں ان پر گالیوں کی برسات ہوگئی جس پر شدید نالاں نظر آئے اور پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’ پی ٹی آئی کے کارکنان مجھے گالیاں نکال رہے ہیں عمران خان اور پارٹی اس بات کا نوٹس لے۔
یہ سلسلہ رکا نہیں اور سوشل میڈیا پر ڈاکٹر عامر لیاقت کے خلاف غیر اخلاقی زبان استعمال کیے جانے کا سلسلہ جاری رہا جو کہ انتہائی قابل مذمت رویہ تھا جس پر ایک مرتبہ پھر عامر لیاقت نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ:’’میرے مرحوم والدین کو پھر گالیاں ، میں منتظر ہوں عمران خان اور پارٹی کا جو پارلیمنٹ کی بالادستی پر آواز اٹھانے والے رکن اسمبلی کو نہ صرف گالیاں دے ر ے ہیں بلکہ وزارت نہ ملنے کے الزامات لگا کر کردار کشی کر رہے ہیں ۔‘‘
فیصل نامی ایک کارکن نے لکھا کہ ’’ لیاقت صاحب اب آپ بچوں والی حرکتیں چھوڑ دیں‘‘، جس پر عامر لیاقت نے جواب دیا’’ آپ ذرا خاموش رہیں اور قانون سازی میں منہ بند رکھیں، آپ جیسے لو گ پی ٹی آئی کے ساتھی نہیں، دشمن ہیں اور ایک خاص گروپ کو مجھ سے تو خدا واسطے کا بیر ہے۔‘‘
ڈاکٹر عامر لیاقت نے عمران خان سے اس غیر اخلاقی زبان کا نوٹس لینے کیلئے اپیل کی تو ایک کارکن نے ڈاکٹر عامر لیاقت کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’ عمران خان کیوں نوٹس لیں؟ آپ ان لوگوں کو بلاک کر دیں بس۔ عمران خان کو ورکرز کتنی گالیاں دیتے ہیں؟ آپ بلاک کر دو اور کام ختم۔‘‘
عامر لیاقات یہاں پر جذباتی ہو گئے اور غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے والے صارفین کو سمجھاتے ہوئے کہا کہ عمران خان ہماری آخری امید ہے ہم آپس میں اختلاف کر سکتے ہیں لیکن عمران خان کو کمزور نہیں ہونے دیں گے، میرے ماں ، باپ اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ بس جب کوئی انہیں کچھ کہتا ہے تو تکلیف ہوتی ہے کیونکہ میں سب کے ماں باپ کا احترام کرتا ہوں۔
عامر لیاقت کا کہنا تھا کہ ایک سچے انسان کو، جس کی عمران خان قدر کرتا ہے، پی ٹی آئی کے بعض افراد کو گالیاں دیتے ہوئے شرم آنی چاہیے، سچ تو یہ ہے کہ آپ لوگ مثبت تنقید اور پالیمانی پراسس پر بھی بات سننے کو تیار نہیں اور غلطی کو غلطی ماننے کی بجائے کراچی سے اپنا حصہ ڈالنے والے رکن اسمبلی کو گالیاں دے رہے ہیں۔
ڈاکٹر عامر لیاقت نے پہلے سوشل میڈیا صارفین کو غیر اخلاقی زبان نہ استعمال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کافی سمجھانے کی کوشش کی لیکن جب انہیں مایوسی ہوئی تو پھر انہوں نے عمران خان اور پارٹی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ پاکستان تحریک انصاف نے عامر لیاقت کی اپیل کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ’’ سوشل میڈیا پر غیر اخلاقی زبان کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا،جو لوگ غیر اخلاقی زبان استعمال کر رہے ہیں ان کے اکاونٹس پارٹی کے اس پلیٹ فارم (abuse.control@insaaf.pk) پر بھیجیں انہیں بلاک کر دیا جائے گا۔








