انضمام الحق اور مشتاق احمد جب پہلی بار عمران خان کے ساتھ پیزا کھانے گئے تو بل کس نے دیا؟
وزیراعظم عمران خان جب کرکٹ کھیلتے تھے تو ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ کچھ ایسے کام بھی کرتے تھے کہ سن کر بے اختیار ہنسی چھوٹ جاتی ہے۔ عمران خان کیساتھ کھیلنے والے کرکٹرز جب بھی کسی پروگرام میں شریک ہوتے ہیں تو ایسے واقعات بتاتے ہیں کہ سن کر ہنسی روکنا مشکل ہو جاتا ہے۔
ایسا ہی ایک واقعہ بورے والا ایکسپریس وقار یونس، انضمام الحق اور مشتاق احمد نے بھی حامد میر کے پروگرام میں سنایا جسے سن کر سب بے اختیار ہنس پڑے۔ وقار یونس نے بتایا کہ وہ غیر ملکی دورے کے دوران زندگی میں پہلی مرتبہ پیزا کھانے گئے تو عمران خان انہیں ’لیڈ‘ کر رہے تھے۔
پیزا کھانے کے بعد بل آیا تو میری سوچ کے برعکس سب کو پیسے دینے پڑے جس پر مشتاق احمد نے مداخلت کرتے ہوئے بتایا کہ مجھے اچھی طرح یاد ہے جب بل آیا تو عمران خان نے بل دیکھ کر کہا کہ میرے حصے میں یہ 15 ڈالر آتے ہیں، آپ اپنے حصے کے پیسے اس میں شامل کریں اور بل ادا کر کے آ جائیں، یہ کہہ کر وہ چلتے بنے۔
پروگرام کے میزبان حامد میر نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ عمران خان نے آپ کو بہت اچھی عادتیں ڈالی ہیں جس پر ان کا کہنا تھا کہ بالکل درست بات ہے کیونکہ ہم اس کے بعد سے تمام کام پیسے ملا کر ہی کرتے ہیں، ابھی آپ کے پروگرام میں آتے ہوئے وقار یونس نے میری گاڑی میں پیٹرول ڈلوایا ہے۔


