شیخ رشید کے وزیر بنتے ہی ریلوے افسران نے لمبی چھٹیاں لینی کیوں شروع کر دیں؟


شیخ رشید کا رویہ تضحیک آمیز ہے جب کہ وہ انتہائی نان پروفیشنل وزیر ہیں، چیف کمرشل مینیجر حنیف گل۔

کمرشل مینیجر حنیف گل نے 2 سال کی رخصت مانگ لی۔

وزیر ریلوے شیخ رشید اور محکمے کے افسران کے درمیان اختلافات سامنے آنے لگے ہیں جس کے بعد چیف کمرشل مینیجر حنیف گل نے 2 سال کی طویل رخصت مانگ لی ہے۔ چیف کمرشل مینیجر حنیف گل نے چھٹیوں کی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ نئے وزیر کا رویہ تضحیک آمیز ہے، شیخ رشید انتہائی نان پروفیشنل وزیر ہیں لہذا ان کے ماتحت کام نہیں کرسکتا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ریلوے کے اجلاس کی اندرونی کہانی باہر آنے پر شیخ رشید افسران پر برس پڑے تھے، شیخ رشید نے اجلاس میں حکم جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ میٹنگز میں کیا ہوتا ہے، کوئی کسی کو نہیں بتائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریلوے منصوبوں کی تعریف کی جب کہ پریس کانفرنس میں مخالفت کرتے رہے۔

Facebook Comments HS