شاباش عمران خان ۔ شاباش جنرل باجوہ


حکم یہ نشر کرا دو عدم کہ آئندہ
عوام تن کے چلیں جھک کے شہریار چلے

وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان جناب عمران خان اور انکی کابینہ نے کل مسلح افواج کے جنرل ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ جی ایچ کیو آمد پر چیف آف آرمی سٹاف نے آئینی حفظ مراتب کے شایان شان ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نے جی ایچ کیو میں اجلاس کی صدارت کی اور اہم امور پر بریفنگ لی۔ پاکستان میں جمہور کے حق حکمرانی پہ یقین رکھنے والوں کیلئے یہ مناظر باعث اطمینان ہیں اس پر وزیراعظم اور آرمی چیف دونوں کے لئے شاباش اور نیک تمنائیں ان الفاظ میں شاباش عمران خان! یاد رکھنا یہ عزت، مقام اور مرتبہ عوام کی جانب سے منتخب ہونے پہ ملتا ہے۔

جمہور کی امنگوں پہ پورا اترنا اور اپنے وعدوں کا پاس کرنا۔ خدا کے سوا کسی کے آگے نا جھکنا اور عوام کے علاوہ کسی پیر فقیر نجومی جوتشی جج یا جرنیل کا مرہون و ممنون نا ہونا۔ عدل کرنا اور عوام کے حق حکمرانی کی حفاظت کرنا۔ اور اگر کبھی اپنوں پرایوں کی طرف سے سازش یا دبائو محسوس کرنا تو کوئی غیر جمہوری غیر آئینی سمجھوتہ کرنے کی بجائے واپس عوام کے پاس آنا ہم عوام تمہیں م پہلے سے زیادہ مینڈیٹ دے کر مزید طاقت کے ساتھ دوبارہ اس منصب پہ لے آئیں گے

جمہوریت پائندہ باد

شاباش جنرل باجوہ! جس آئین پہ حلف لیا ہے ہمیشہ اس کی پاسداری کرنا۔ اپنے آئینی باس کی اطاعت کرنا، منتخب عوامی نمائندوں کی عزت کرنا، وطن کا دفاع مضبوط اور سرحدوں کو محفوظ بنانے کے ساتھ ساتھ کڑی نظر رکھنا کہ ادارے کے کسی مہم جو کو کسی قسم کی سیاسی انتظامی عدالتی مداخلت کرنے کی جرات نا ہو۔ ہم پاکستانی اپنا پیٹ کاٹ کر تمہاری دفاعی ضروریات ہی نہیں پاک فوج کے ہر جوان اور افسر کے خاندان کا بھی ایسے خیال رکھیں گے جیسے اپنے ذاتی خاندان کا خیال رکھتے ہیں

پاک فوج زندہ باد

پاک سر زمین شاد باد


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).