پرواز ہے جنون


خوشی اس بات کی ہے کہ پاکستانی سینما آباد ہوگئے ہیں۔ جس کا سہرا نئی نسل کے سر جاتا ہے۔ جنھوں نے بہترین کام کرکے لوگوں کی توجہ ایک بار پھر سنیما کی جانب مرکوز کرائی ہے۔ اب ہمارے یہاں معیاری اسکرپٹ پر زبردست کام ہورہا ہے۔ ان بہترین کاموں میں شامل ‘ پرواز ہے جنون’ کا پروجیکٹ بھی ہے۔ جس کے نہ صرف ڈائیلاگ معیاری ہیں بلکہ بہترین میوزک، اعلی گرافک اور عکس بندی کے حوالے سے خوبصورت مناظر فلم بند کیے ہیں۔ یہ فلم بکرا عید پر سینما کی زینت بن چکی ہے۔ بیشتر لوگ اسے دیکھ چکے ہیں۔

”پرواز ہے جنون’ کو ‘ہم فلمز’ کے بینر تلے ریلیز کیا گیا ہے۔ فلم کو پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔ فلم کی کہانی پاکستان ایئر فورس کے جوانوں اور ان کے ساتھ دوران ملازمت پیش آنے والے مسائل کے گرد گھومتی ہے۔ یہ حسیب حس کی ڈائریکشن، میمونہ درانی کی پروڈکشن جبکہ معروف ناول نگار فرحت اشتیاق کی تحریر ہے۔ کاسٹ میں حمزہ علی عباسی، ہانیہ عامر، آصف رضا میر، احد رضا میر، شفاعت علی، شمعون علی عباسی، ، شاز خان اور کبریٰ خان شامل ہیں۔ میں حمزہ علی عباسی، ہانیہ عامر نے مرکزی کرادا ادا کیا ہے۔

فلم کے ہیرو حمزہ علی عباسی ‘ فائٹر پائلٹ حمزہ حیدر’ کی صورت میں نظر آئے۔ حمزہ حیدر نے مادر وطن کے بہادر سپوت ہونے کا ثبوت دیتےہوئے ناعاقبت اندیش دہشت گردوں کو واصل جہنم کرتے ہوئے دھرتی پرجان قربان کردیتا ہے۔ یہ مناظر انتہائی جذباتی ہیں۔ فلم کی ہیروئن زارا (ہانیہ عامر) حمزہ حیدر کی شہادت کے بعد پاکستان ائیر فورس کو جوائن کرتی ہے۔ ۔ رائٹر اور ڈائریکٹر نے باپ، بیٹے کے رشتے، دوستی اور محبت کے جذبے کو بہت اچھی طرح سے دیکھایا ہے۔

‘ پرواز ہے جنون’ کو مزید دلچسپی کا باعث معروف کامیڈین شفاعت علی نے بنایا۔ زید علی (شفاعت علی) اپنی ہونے والے سسر کو متاثر کرنے کے لئے پی،ے،ایف جوائن کرتا ہے۔ انتہائی ڈرپوک، نیند اور بھوک کا کچا زید علی بہت کم وقت کے فلم میں ہوتا ہے تاہم جتنا وقت بھی وہ اسکرین پر رہا اپنے بھلکڑ پن کی وجہ سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔ گانے اور دھنیں دونوں ہی زبردست ہیں۔ گانا ‘تھام لو’ کو زیادہ مقبولیت ملی ہے۔ جسے مشہور گلوکارعاطف اسلم نے گایا ہے۔ بہترین ٹیم ورک کی بدولت یہ پروجیکٹ 12 کڑور کا بزنس کرچکا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).