خاتون اول کا پاکپتن واقعہ سے کوئی تعلق نہیں: ہارون رشید
ڈی پی او پاک پتن کے تبادلے کے معاملے پر سینئر تجزیہ کار ہارون الرشید نے کہا ہے مجھے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے ذرائع اور پولیس کے ٹاپ حکام نے بتایا ہے کہ پاکپتن کے سابق ڈی پی او رضوان گوندل خود معافی مانگنے کے لئے خاور مانیکا کے ڈیرے پر جانا چاہتا تھا۔
پروگرام تھنک ٹینک میں میزبان عائشہ ناز سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 5 اگست کو بچی بابا فرید شکر گنج کے مزار پر ننگے پائوں دعا مانگنے جا رہی تھی۔ یہ رسم ہمارے دانشوروں کی سمجھ میں نہیں آئے گی۔ یہ ایک اظہار محبت ہے۔ پولیس اہلکاروں نے اسے تین دفعہ روکا۔ ایک اطلاع کے مطابق کسی نے ہاتھ پکڑنے کی بھی کوشش کی تھی۔ خاور مانیکا کی بیٹی سے بدتمیزی پر اس کا اکھڑ جانا قابل فہم ہے، خاتون اول کا اس واقعہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ عمران خان کے مخالفین کے ہاتھ ایشو چڑھ گیا ہے۔ ہیلی کاپٹر کو دوسرا ایشو بنا دیا۔ تیسرا ایشو فیاض الحسن چوہان کا بنا دیا گیا۔
معروف تجزیہ کار ایاز امیر نے کہا کہ ملکی مسائل اور ہیں۔ توازن ادائیگی، گردشی قرضے اور لوڈ شیڈنگ اہم ملکی مسائل ہیں مگر ہم دو معاملات میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ایک خاور مانیکا اور ڈی پی او کا معاملہ۔ دوسرا ہیلی کاپٹر کا خرچہ۔ حکمرانوں کو ایسی چیزوں سے اجتناب کرنا چاہئے۔ ایک زمانے میں خبر ہی نہیں ہوتی تھی۔ آج کل سوشل میڈیا ایک استرا ہے اس کے ذریعے بات آناً فاناً آسمانوں پر پہنچ جاتی ہے۔
سیاسی تجزیہ کار، روزنامہ دنیا کے گروپ ایگزیکٹو ایڈیٹر سلمان غنی نے کہا کہ حساس واقعہ ہے۔ انتظامی فیصلوں کی ایک سطح ہوتی ہے۔ یہ سارا واقعہ کیونکر ہوا؟ یہ معاملہ وزیر اعلیٰ ہائوس تک کیوں پہنچا اور وزیر اعلیٰ کا دوست اس میں کیوں ملوث ہوا۔ ایسے واقعات منتخب حکومت کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہیں، یہ بات بھی غور طلب ہے کہ یہ واقعات پاک پتن میں کیوں ہو رہے ہیں؟ پاک پتن کا ایک پس منظر ہے اور وہاں سیاسی رد عمل بھی ہوا ہے۔


