امریکہ نے امداد نہیں، پاکستان کا وہ پیسہ روکا جو ہم نے دہشت گردی کے خلاف خرچ کیا ہے: وزیر خارجہ



وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکہ نے ہماری امداد نہیں روکی بلکہ یہ وہ پیسہ تھا جو پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خرچ کیا اور یہ پیسہ امریکہ نے ہمیں ادا کرنا تھا ۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ کی جانب سے پاکستان کا کولیشن سپورٹ فنڈ روکے جانے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خطیر رقم خرچ کی اور امریکہ نے یہ پیسہ ہمیں ادا کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کوئی امداد نہیں تھی جو روک لی گئی بلکہ یہ ہمارا اپنا پیسہ ہے جو ہم نے خرچ کیا تھا اور یہ پیسہ امریکہ نے ہم کو ادا کرنا تھا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ کے 5 ستمبر کو دورہ پاکستان کے دوران ان سے بات چیت ہو گی۔ ہم ان کا نقطہ نظر سنیں گے اور اپنا موقف ان کو بتائیں گے۔ ہماری کوشش یہی ہے کہ عزت و احترام کے رشتے کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے اپنے تعلقات آگے بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت کی امریکہ ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہو رہی تھی اور تعطل تھا۔ اب جب نئے سرے سے آغاز ہو رہا ہے تو ہم کوشش کریں گے کہ اپنے تحفظات کو مدنظررکھتے ہوئے تعلقات کو آگے بڑھانے کی کوشش کریں۔ ہمارا مقصد یہ ہے کہ ہم اس خطے کو اور دنیا کودہشت گردی سے پاک کریں۔ افواج پاکستان کی اس کے لئے بے پناہ قربانیاں ہیں۔

پاکستان کے شہریوں نے بھی اس جنگ میں قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو میں نے حاصل کرنا تھا، کر لیا اور اس کے لئے اللہ کا شکر بجا لاتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا دورہ جی ایچ کیو بہت اچھی بات ہے اور یہ دورہ ملکی مفاد میں ہوا ہے۔ ایک صحافی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ”رات گزر گئی ،بات گزر گئی“ آگے پر بات کرو۔

Facebook Comments HS