لڑکی نے اچھا لباس پہننے کی خاطر اپنے ہی شوہر سے دوسری مرتبہ شادی کر لی


ایک برطانوی دولہا دلہن نے سال میں دو مرتبہ ایک دوسرے سے شادی کر لی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق 27سالہ ریچل ورڈ نامی دلہن اور اس کے شوہر تھامس نے پہلی بار 2017میں مالدیپ میں شادی کی اور اب چند ماہ بعد انہوں نے ایک بار پھر برطانیہ میں شادی کی تقریب کر ڈالی۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ دلہن کو پہلی بار منعقد ہونے والی شادی کی تقریب میں اپنا لباس پسند نہیں آیا تھا، چنانچہ اس نے زیادہ اچھے لباس پہننے کے لیے اپنے شوہر سے دوسری بار شادی کر لی۔

رپورٹ کے مطابق ریچل نے دوسری شادی کی تقریب میں یکے بعد دیگر تین ملبوسات پہنے۔ ان میں سے ایک اس نے خود خریدا، دوسرا اس کے شوہر نے خرید کر دیا اور تیسرا ایک برانڈ نے تحفے میں دیا۔ ان تینوں ملبوسات کی مجموعی قیمت 50ہزار پاؤنڈ (تقریباً 80لاکھ روپے) تھی۔ اپنی دوسری شادی کے بعد ریچل کا کہنا تھا کہ ”مجھے دلہن بننے کا شوق نہیں لیکن میں فیشن کو بے حد پسند کرتی ہوں، جس کی میں نے تعلیم بھی حاصل کر رکھی ہے۔

پہلی شادی میں میں زیادہ خوبصورت لباس نہیں پہن سکی تھی، کیونکہ ہم مالدیپ میں چھٹیاں منانے گئے تھے لیکن ہمیں وہ جگہ اتنی پسند آئی کہ ہم نے وہاں شادی کرنے کا فیصلہ کر لیا اور صرف 20قریبی دوستوں اور خاندان کے افراد کے ساتھ ہم نے وہاں شادی کر لی۔ چنانچہ میں نے خیال کیا کہ اب ہمیں دوبارہ شادی کرنی چاہیے تاکہ میں اپنے پسندیدہ عروسی ملبوسات پہن سکوں۔ ‘‘
بشکریہ ڈیلی پاکستان۔

Facebook Comments HS