کیا عاطف میاں کو ہٹانے میں جبران ناصر کا ہاتھ ہے؟
پاکستانی نژاد امریکی ماہر معیشت ڈاکٹر عاطف میاں کی اقتصادی مشاورتی کونسل میں شمولیت اور پھر برطرفی پاکستانی الیکٹرانک و سوشل میڈیا پر گرما گرم بحث کا موضوع بنی ہوئی ہے۔ڈاکٹر عاطف کو اقتصادی مشاورتی کونسل سے نکلوانے کے لئے سوشل میڈیا پر گرما گرم تحریک چل رہی تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اب بہت سے لوگوں نے معروف سماجی کارکن جبران ناصر کو اُن کی برطرفی کی اصل وجہ قرار دے دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر کہا جا رہا ہے کہ جبران ناصر نے سب سے پہلے ڈاکٹر عاطف میاں کے مذہب کے معاملے پر بات کی۔ شاید وہ ڈاکٹر عاطف کی اقتصادی مشاورتی کونسل میں شمولیت کو پاکستان میں اقلیتوں کے ساتھ مساوی سلوک کی مثال کے طور پر پیش کرنا چاہ رہے تھے، مگر اس کوشش کا نتیجہ بالکل اُلٹ برآمد ہوا۔
جبران ناصر جیسی جانی پہچانی شخصیت کی جانب سے جب یہ بات سامنے آئی تو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی اور پھر ہر کوئی ڈاکٹر عاطف کی برطرفی کا مطالبہ کرتا نظر آنے لگا۔ ڈاکٹر عاطف کی اقتصادی مشاورتی کونسل میں شمولیت کے حق میں بات کرنے والوں کا کہنا ہے کہ نہ جبران ناصر ڈاکٹر عاطف کی اقتصادی مشاورتی کونسل میں شمولیت کا ڈھنڈورا پیٹتے اور نہ یہ جھگڑا کھڑا ہوتا۔ اب تو یہ لوگ جبران ناصر کو سوشل میڈیا پر کھلی گالیاں بھی دے رہے ہیں کیونکہ ان کا خیال ہے کہ جبران ناصر نے جان بوجھ کر ڈاکٹر عاطف کے مذہب کا معاملہ اُچھالا تاکہ ایک ہنگامہ کھڑا ہو اور انہیں اقتصادی مشاورتی کونسل سے نکال باہر کیا جائے، اور اُن کی یہ کوشش کامیاب رہی۔


