چہرے پہ کون سا نشان کینسر کی شناخت میں مددگار ثابت ہوا؟

ایک آدمی کے چہرے کو دیکھ کر کینسر کی نشاندہی کیسے کی جا سکتی ہے؟ آئرلینڈ کے سابق فٹ بالر مارک لارنسن نے گزشتہ دنوں ایک ٹی وی شو میں اس حوالے سے ایسا انکشاف کیا کہ آپ سن کر حیران رہ جائیں گے۔ میل آن لائن کے مطابق مارک لارنسن نے بتایا کہ چند ماہ قبل میں بی بی سی کے لنچ ٹائم شو میں شریک ہوا۔ اس کے کچھ روز بعد ہی مجھے ایک ای میل موصول ہوئی جو میرے ایک مداح کی طرف سے آئی تھی۔ اس مداح نے اس شو میں میرے چہرے پر کان کے ساتھ ایک سیاہ نشان دیکھا اور اسے خدشہ لاحق ہوا کہ یہ نشان کینسر کی علامت ہو سکتا ہے چنانچہ اس نے مجھے ای میل کر دی۔‘‘
61سالہ مارک لارنسن کا کہنا تھا کہ ’’اس مداح کی ای میل پڑھ کر مجھے فکر لاحق ہوئی اور میں ڈاکٹر کے پاس گیا اور ٹیسٹ کروائے تو واقعی مجھ میں کینسر کی تصدیق ہو گئی۔ اس شخص کا خدشہ درست تھا کیونکہ یہ سیاہ نشان واقعی کینسر کی علامت ثابت ہوا۔ میں سمجھتا ہوں کہ میرے اس مداح نے میری زندگی بچائی ہے کیونکہ اگر وہ مجھے خبردار نہ کرتا تو مجھے کینسر کا پتہ ہی نہ چلتا اور اس کی تشخیص تب ہوتی جب یہ خطرناک مرحلے کو پہنچ چکی ہوتی۔ میں لوگوں کو نصیحت کرتا ہوں کہ اگر آپ میں سے کسی کے چہرے پر ایسا سیاہ نشان بن جائے تو اسے نظرانداز مت کریں اور فوری طور پر ڈاکٹر کے پاس جائیں۔‘‘



